شمس آباد : راچا ملا سدیشور ترجمان کانگریس نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مانیکم ٹیگور انچارج تلنگانہ کی قیادت میں کانگریس پارٹی مضبوط بن رہی ہے اور بہت جلد ایک انقلاب آئے گا جس میں ٹی آر ایس کو بڑا نقصان پہنچے گا۔ آئندہ انتخابات میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس اقتدار حاصل کرے گی۔ ٹی آر ایس صرف عوام کو گمراہ کرنے اور زبانی وعدے کرنے میں ماہر ہوچکی ہے لیکن اب عوام بھی ان کے وعدوں پر بھروسہ نہیں کریں گے۔ ڈبل بیڈ روم مکانات پر آج تک عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھارہے ہیں۔ ایل آر ایس کے نام پر عوام کو لوٹا جارہا ہے۔ پوری دنیا کورونا کے خوف سے گزر رہی ہے، ٹی آر ایس حکومت کو عوام کو لوٹنے میں مزہ آرہا ہے۔ یہی تمام چیزیں آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو لے ڈوبی گی۔ آج عوام کئی مسائل کا شکار ہیں، ان کے مسائل کے حل میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے، صرف انتخابات سے قبل اسکیمات کے اعلان کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔