تلنگانہ سکریٹریٹ میں کورونا کیسوں میں اضافہ سے ملازمین پریشان ٹسٹنگ اور ٹیکہ اندازی مراکز کے قیام کا مطالبہ

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ سکریٹریٹ نے کورونا کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے نان گزیٹیڈ آفیسرس یونین نے سکریٹریٹ کے احاطہ میں کورونا ٹسٹنگ سنٹر اور ٹیکہ اندازی مرکز کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ این جی اوز یونین کی جانب سے چیف سکریٹری سومیش کمار کو یادداشت پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں کورونا کیسس میں اضافہ پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ سکریٹریٹ میں حالیہ عرصہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور گائیڈ لائنس کی اجرائی کے باوجود خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ یونین نے کہا کہ معمولی علامات کے حامل سکریٹریٹ کے ملازمین کورونا ٹسٹ کیلئے خانگی اور سرکاری مراکز سے رجوع ہورہے ہیں جہاں انہیں گھنٹوں قطار میں انتظار کی صعوبت برداشت کرنی پڑ رہی ہے۔ یونین نے سکریٹریٹ کے احاطہ میں ٹسٹنگ اور ٹیکہ اندازی مراکز کے قیام کی درخواست کی تاکہ ملازمین اور ان کے افراد خاندان کو ٹسٹ کے علاوہ ٹیکہ کی سہولت فراہم کی جائے۔ واضح رہے کہ ملازمین نے کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے دو دن میں ایک بار دفتر حاضری کی اجازت کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت نے ان کی درخواست کو قبول نہیں کیا۔