صدرنشین محمد سلیم کا خادم الحجاج سے ربط
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ عازمین حج کا پہلا قافلہ جدہ پہنچ چکا ہے وہاں سے ادائیگی عمرہ کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہوچکے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم کو وستارہ ایر لائنز کے حیدرآباد منیجر نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3:38 بجے طیارہ نے جدہ ایر پورٹ پر لینڈنگ کی۔ حیدرآباد سے صبح 10:15 بجے طیارہ نے اُڑان بھری اور ری فیولنگ کیلئے مسقط میں تقریباً نصف گھنٹہ توقف رہا۔ مجموعی طور پر 8گھنٹے میں عازمین حج حیدرآباد سے جدہ پہنچ گئے۔ جدہ میں لگیج حاصل کرنے اور ضروری امور کی تکمیل کے بعد مکہ مکرمہ کیلئے خصوصی بسوں سے عازمین روانہ ہوگئے۔ 150 گنجائش پر مشتمل قافلہ کے ساتھ موجود خادم الحجاج نے بتایا کہ معلم سے ضروری دستاویزات حاصل کرنے کے بعد عزیزیہ میں رہائشی عمارت پہنچ چکے ہیں اور رات دیر گئے تک تلنگانہ کے عازمین عمرہ کا فریضہ ادا کرلیں گے۔ جدہ ایر پورٹ پر عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کئے گئے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے خادم الحجاج کو پابند کیا کہ وہ مسقط میں توقف اور جدہ ایر پورٹ پہنچنے کے فوری بعد حج کمیٹی کو اطلاع دیں۔ر
شمس آباد عازمین حج کی شمس آباد میں گلپوشی
شمس آباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میونسپل سے حج کے لیے روانہ ہونے والے چھ عازمین حج کی محمد جہانگیر خاں کونسلر کی جانب سے گلپوشی کی گئی ۔ راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے تمام عازمین کی گلپوشی کرتے ہوئے اپیل کی کہ تلنگانہ میں امن کی برقراری اور بی آر ایس کی کامیابی کے لیے دعا کریں ۔ بی آر ایس حکومت سیکولر حکومت ہے جو تمام طبقات کے لیے یکساں طور پر کام کررہی ہیں ۔ تلنگانہ میں فرقہ پرستی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ محمد جہانگیر خاں نے کہا کہ عازمین حج اللہ کے مہمان ہے اور ہمیں ان کا احترام کرنا چاہئے ۔ اس موقع پر کولن سشما ریڈی میونسپل چیرپرسن ، بنڈی گوپال یادو ، محمد تاج بابا ، محمد امجد ، محمد حفیظ الدین ، محمد اظہر الدین ، محمد عبدالقیوم چشتی وغیرہ موجود تھے ۔۔