مفتی خلیل احمد اور مولانا خسرو پاشاہ نے وداع کیا، حج ہاؤز میں مؤثر انتظامات، تفسیر اقبال کا دورہ
حیدرآباد 28 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی روانگی کا آج سے آغاز ہوگیا۔ حج 2025 ء کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی سے تقریباً 7 ہزار عازمین حج فریضۂ حج کی ادائیگی کے لئے 31 قافلوں کے ذریعہ سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، امیر جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد اور حج کمیٹی کے عہدیداران نے رات 9.50 بجے پہلے قافلہ کی خصوصی بسوں کو حج ہاؤز نامپلی سے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ کیا۔ حج ہاؤز میں حج کیمپ کا 26 اپریل سے آغاز ہوا ہے اور عازمین حج فلائیٹ کے 48 گھنٹے قبل رپورٹ کے پابند ہیں۔ پہلے قافلہ کی روانگی کے موقع پر حج ہاؤز میں روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ عازمین حج کے رشتہ دار اور دوست احباب بڑی تعداد میں وداع کرنے کے لئے پہونچے تھے اور حج کمیٹی کی جانب سے مؤثر انتظامات کئے گئے۔ پہلا قافلہ رات دیر گئے 2.40 بجے مدینہ منورہ کے لئے پرواز کرے گا۔ پہلے قافلہ میں عازمین کی تعداد 285 ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی پابندی کے نتیجہ میں 12 سال سے کم عمر کے بچے قافلہ میں شامل نہیں ہیں۔ عازمین حج کی روانگی سے قبل تمام ضروری سرکاری اُمور کی تکمیل حج ہاؤز میں کی جارہی ہے اور عازمین کو پاسپورٹ اور بورڈنگ کارڈ بھی حج ہاؤز میں حوالہ کردیا گیا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس، صدر ٹمریز محمد کلیم قریشی، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی اور صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال نے آج صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا خسرو پاشاہ کے ہمراہ کیمپ کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تفسیر اقبال نے رہائش اور طعام کے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے موقع پر مؤثر انتظامات کا فیصلہ کیا ہے اور حج کمیٹی کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عازمین کے لئے نماز گاہ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ تلنگانہ سے روانہ ہونے والے ابتدائی 7 قافلے حیدرآباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ عازمین عام لباس میں روانہ ہورہے ہیں کیوں کہ وہ مدینہ منورہ سے حج کی نیت کے ساتھ مکہ مکرمہ روانگی سے قبل احرام پہن لیں گے۔ حیدرآباد سے 17 مئی تا 29 مئی کے تمام قافلے جدہ روانہ ہوں گے اور عازمین کی حالت احرام میں حج ہاؤز نامپلی سے روانگی عمل میں آئے گی۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے تقریباً 12000 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ آندھراپردیش، کرناٹک، مہاراشٹرا کے علاوہ آسام، بہار، چھتیس گڑھ، دہلی، گوا، گجرات، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، اڈیشہ، ٹاملناڈو، اترپردیش اور مغربی بنگال کے بعض عازمین نے روانگی کے لئے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب کیا ہے۔ عازمین کی 18 فلائٹس رات کے اوقات میں روانہ ہوں گی جبکہ 13 فلائٹس دن میں رہیں گی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ حکومت سعودی عرب کی پابندیوں پر عمل کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین کے لئے فلائٹ کے شیڈول میں تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے حتیٰ کہ میڈیکل گراؤنڈ پر بھی فلائٹ کا تبدیل کرنے سے حج کمیٹی آف انڈیا نے انکار کردیا ہے۔ اُنھوں نے عازمین سے خواہش کی کہ وہ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق روانہ ہوں۔1