تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات سے قبل آیا رام ۔ گیا رام کا سلسلہ شروع

,

   

بی آر ایس اور دیگر پارٹیوں کے متعدد قائدین کا پارٹی سے انحراف ۔ کانگریس میں شمولیت

حیدرآباد ۔27۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی میں بی آر ایس اور بی جے پی کے اہم قائدین کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرتے ہوئے رسمی طور پر گھر واپسی کی ہے۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی جو رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے بھائی ہیں، کانگریس سے استعفیٰ دے کر منوگوڑ کی اسمبلی رکنیت کو چھوڑ دیا تھا اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ منوگوڑ ضمنی چناؤ میں راج گوپال ریڈی کو بی جے پی کے ٹکٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ بی جے پی میں خود کو اجنبی محسوس کر رہے تھے۔ گزشتہ دنوں راج گوپال ریڈی نے بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا اور آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں نامور دلت رہنما اور سابق وزیر ایم نرسمہلو ایلا ریڈی کے سابق رکن اسمبلی وائی رویندر ریڈی ، قانون ساز کونسل کے سابق ڈپٹی چیرمین این ودیا ساگر ، کریم نگر سے تعلق رکھنے والے سابق رکن کونسل سنتوش کمار، نظام آباد سے تعلق رکھنے والی سابق ایم ایل سی آکولا للیتا، سابق رکن کونسل کے دلیپ کمار اورپٹن چیرو سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے سرکردہ لیڈر نیلم مدھو شامل ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی کے لئے کانگریس امیدواروں کی فہرست کی تیاری کے سلسلہ میں سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس سے قبل ملکارجن کھرگے نے شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو ملاقات کا موقع دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی مزید مستحکم ہوگی اور شمولیت اختیار کرنے والے قائدین پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کریں گے۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور دیگر موجود تھے۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم نرسمہلو نے کہا کہ تلنگانہ عوام بی آر ایس اور بی جے پی کے متبادل کے طور پر کانگریس کو تسلیم کرچکے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شمولیت کرنے والے قائدین نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج مانک راؤ ٹھاکر اور اے آئی سی سی سکریٹریز منصور علی خاں اور روہت چودھری سے بھی ملاقات کی۔