حیدرآباد : ریاست تلنگانہ میں اس سال پرائمری طلبہ کیلئے اسکولس کھولنے کا امکان نہیں ہے کیونکہ ریاست کے محکمہ تعلیم نے سمجھا جاتا ہیکہ تعلیمی سال 2020-21ء کیلئے پرائمری اسکولس کی دوبارہ کشادگی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور خانگی اسکولوں کو بھی پرائمری کلاسیس کو پھر شروع کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ کوروناوائرس کیلئے ویکسین ابھی تیار نہیں ہے اور وائرس کی نئی شکل کا خطرہ لاحق ہے۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا خیال ہیکہ ویکسین لگانے میں تاخیر اور کوروناوائرس کی نئی شکل کے خوف کی وجہ اولیائے طلباء ان کے بچوں کو اسکول بھیجنے کیلئے تیار نہیں ہوں گے۔ نیز اگر اسکولس کی دوبارہ کشادگی ہوتو پرائمری کلاسیس کے طلبہ فزیکل فاصلہ کو برقرار نہیں رکھ پائیں گے اور اس کی وجہ ان سے گھر پر ان کے والدین اور عمررسیدہ اشخاص میںوائرس پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوگا۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہیکہ اس سال پرائمری اسکولس نہیں کھلیں گے۔ اسپیشل چیف سکریٹری چترارامچندرن کے ساتھ منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں اس سلسلہ میں فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق 11.36 لاکھ طلبہ گورنمنٹ پرائمری اسکولس میں زیرتعلیم ہیں جبکہ خانگی اسکولس میں 15 لاکھ سے زائد پرائمری طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ان سب کیلئے جاریہ تعلیمی سال کے دوران اسکولس نہیں ہوں گے۔ ان تمام طلبہ کو امکان ہیکہ آئندہ سال آگے کی کلاسیس میں پروموٹ کیا جائے گا۔