تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کا 17 مئی سے آغاز

,

   

ا۔89 دنوں کی کلاسس کا منصوبہ، پرچہ سوالات 70 فیصد نصاب پر مشتمل ہوگا
حیدرآباد: تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کا 17 مئی سے آغاز ہوسکتا ہے ۔ محکمہ تعلیم نے یکم فروری سے نویں جماعت سے کلاسس کے آغاز کے سلسلہ میں 89 دنوں کے کلاسس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق تین ماہ تک آن لائین اور آف لائین کلاسس جاری رہیں گی اور ایس ایس سی عام امتحانات کا 17 تا 26 مئی انعقاد عمل میں آئے گا ۔ محکمہ تعلیم کے ایجوکیشن کیلنڈر برائے تعلیم سال 2020-21 کو قطعیت دی گئی ہے۔ حکومت نے نویں اور دسویں جماعت کے لئے یکم فروری سے کلاسس کے آغاز کی اجازت دی ہے ۔ 26 مئی تک 89 ایام کار میں کلاسس کے انعقاد کی تجویز ہے۔ گرمائی تعطیلات 27 مئی تا 13 جون رہیں گے۔ حکومت کی منظوری کیلئے ایجوکیشن کیلنڈر روانہ کردیا گیا۔ عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ 30 فیصد نصاب کی تکمیل پراجکٹس اور اسائنمنٹ کے ذریعہ کی جائے گی ۔ ٹیچرس اور اولیائے طلبہ کی نگرانی میں گھر پر پراجکٹ مکمل کئے جاسکتے ہیں۔ باقی 70 فیصد نصاب کی تکمیل آن لائین اور آف لائین کلاسس کے ذریعہ کی جائے گی ۔ پہلا FA1 ، 15 مارچ کو ہوگا جبکہ FA2 ، 15 اپریل کو رکھا جائے گا۔ امتحانات میں شرکت کیلئے کلاسس میں حاضری لازمی نہیں ہے ۔ طلبہ کو اسکولوں میں حاضری کیلئے پابند نہیں کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق کسی طالب علم کو اسی وجہ سے امتحانات میں حصہ لینے سے روکا نہیں جاسکتا۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے طلبہ جو کلاسس میں حصہ لینے تیار نہیں ہے، ان کیلئے آن لائین کلاسس جاری رہیں گی۔ کورونا وباء کے پیش نظر یکم ستمبر سے آن لائین کلاسس کا آغاز ہوا تھا۔ یکم ستمبر 2020 تا 30 جنوری 2021 جملہ 204 ایام کار کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے 115 ایام کار آن لائین کلاسس کے رہے ہیں جبکہ یکم فروری سے 26 مئی تک 89 دنوں تک آن لائین و آف لائین کلاسس رہیں گی۔ دسویں کیلئے ڈیجیٹل کلاسس صبح 10 تا 11 بجے جبکہ نویں جماعت کیلئے شام 4 تا 5 بجے رہیں گی۔ یکم فروری سے باقاعدہ کلاسس کے آغاز کے بعد اسکول کے اوقات صبح 9.30 بجے تا شام 4.45 بجے تک رہیں گے ۔ حکومت کی منظوری کے بعد ایجوکیشن کیلنڈر کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔