حیدرآباد۔10مئی (سیاست نیوز) بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ سابق میں 50 طلبہ تعلیم کیلئے یرون ملک جاتے تھے وہیں اب یہ تعداد 500سے تجاوز کرچکی ہے ۔ تلنگانہ میں اس تعداد کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئی ہے کہ گذشتہ چند برسوں میں اس تعداد میں میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے اور طلبہ کی بڑی تعداد آرٹیفیشیل انٹلیجنس اور اوشین انجنیئرنگ میں داخلہ لے رہی ہے۔اسکے علاوہ کمپیوٹر سائنس اینڈ ٹکنالوجی میں داخلہ لینے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ڈاکٹر ہری کالوا جو کہ امریکی یونیورسٹی فلوریڈا اٹلانٹک یونیورسٹی کے پروفیسر ہیں کی تہنیتی تقریب کے لکچر میں یہ رپورٹ منظر عام پر آئی ہے۔ڈاکٹر کالواو نے بتایا کہ طلبہ کی نئی نسل میں اعلیٰ تعلیم کے رجحان میں اضافہ ہوا اور وہ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی سے ہم آہنگ ہونے لگے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں انجنیئرنگ کسی ایک کی ضرورت نہیں بلکہ ہر شعبہ کی ضرورت ہے جن میں طب‘ صحت‘ تعلیم ‘ تجارت اور قانون شامل ہیں اور ان شعبۂ جات میں آرٹیفیشل انٹلیجنس کو کلیدی اہمیت حاصل ہونے لگی ہے اور ہندستانی طلبہ اس میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔