حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تعلیمی سال 2018-19 ء کے اختتام پر ریاست بھر میں تمام سرکاری و خانگی مدارس کو آج سے گرمائی تعطیلات دے دیئے گئے جوکہ 31 مئی تک جاری رہیں گے۔ اور توقع کی جارہی ہے کہ یکم جون سے ریاست تلنگانہ میں تعلیمی سال 2019-20 ء کا آغاز ہونے کے پیش نظر یکم جون سے ہی تمام گورنمنٹ و پرائیوٹ اسکولس کی باقاعدہ طور پر دوبارہ کشادگی عمل میں آجائے گی۔ ریاستی محکمہ تعلیم کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ اگر اتفاقی طور پر گرما کی شدت جوں کی توں برقرار رہنے کی صورت میں حکومت حالات کا جائزہ لیتے ہوئے اسکولوں کے دوبارہ کھل جانے کے شیڈول میں ردوبدل کرسکتی ہے۔ اسی دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر حیدرآباد شریمتی بی وینکٹ نرسماں نے بتایا کہ ریاستی محکمہ تعلیم کے شیڈول کے مطابق ہی گریٹر حیدرآباد میں تمام سرکاری و خانگی اسکولوں کو گرمائی تعطیلات دے دی گئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اگر گرمائی تعطیلات کے دوران کوئی مدارس میں کلاسیس چلائی جائیں گی تو ان اسکولس کے خلاف نہ صرف سخت کارروائی کی جائے گی بلکہ ان مدارس کو مکمل طور پر ہی بند کرنے کے اقدامات کئے جانے کا سخت انتباہ دیا۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ نئے تعلیمی سال یعنی 2019-2020 ء کے آغاز سے قبل ہی والدین اپنے بچوں کو مدارس (بالخصوص پرائیوٹ اسکولس) میں شریک کروانے کے لئے ان مدارس کے اطراف گھومنے کی وجہ سے خانگی اسکول انتظامیوں کی جانب سے فیس کی رقومات میں اضافہ کرنے، اسکول بس کی رقومات میں اضافہ کرنے کے علاوہ نئے داخلہ لینے والے بچوں کے والدین سے بلڈنگ فنڈ کے نام پر بھاری رقومات کا مطالبہ کرنے کی شکایات وصول ہورہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پرائیوٹ اسکولس انتظامیوں کے اختیار کئے جانے والے طرز عمل کے تعلق سے ریاستی محکمہ تعلیم اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر حیدرآباد کو بھی متعدد شکایات کے تعلق سے مکمل تحقیقات کروانے اور تفصیلی رپورٹس اعلیٰ عہدیداروں کو روانہ کرنے کا متعلقہ عہدیداران محکمہ تعلیم نے شکایت کنندوں کو تیقن دینے کی اطلاعات ہیں۔
