یکم مارچ سے اطلاق ، ٹو وہیلر گاڑی پر 2 ہزار ، دیگر گاڑیوں پر 5 سے 10 ہزار روپئے سیس ادا کرنا ہوگا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت نے سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے نئی گاڑیوں پر ’ روڈ سیفٹی سیس ‘ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق یہ نیا ضابطہ یکم مارچ 2026 سے نافذ العمل ہوگا ۔ حکومت کے اس فیصلے سے یکم مارچ کے بعد خریدی جانے والی تمام نئی گاڑیوں پر رجسٹریشن کے وقت یہ سیس ادا کرنا لازمی ہوگا ۔ یہ ٹیکس کاروں ، مسافر گاڑیوں اور دیگر نان ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر لاگو ہوگا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دو پہیہ گاڑیوں پر 2 ہزار روپئے ہلکی موٹر گاڑیوں (LMV) پر 5 ہزار روپئے دیگر گاڑیوں پر 10 ہزار روپئے سیس عائد کیا جائے گا ۔ 4 سے 7 نشستوں کی گنجائش رکھنے والی مسافر گاڑیاں ’ دیگر گاڑیوں ‘ کے زمرے میں شمار ہوں گی ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ یہ رقم گاڑی کی رجسٹریشن کے وقت ادا کرنا ہوگا اور اس کے بغیر رجسٹریشن مکمل نہیں کی جائے گی ۔ سرکاری اندازوں کے مطابق روڈ سیفٹی سیس کے نفاذ سے ریاستی حکومت کو سالانہ تقریبا 270 کروڑ روپئے کی اضافی آمدنی حاصل ہوگی ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس رقم کو سڑکوں کی بہتری ، ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی اپ گریڈیشن اور روڈ سیفٹی اقدامات پر خرچ کیا جائے گا ۔ نئی گاڑیاں خریدنے کے خواہش مند افراد کے لیے یہ فیصلہ اضافی مالی بوجھ کا باعث بن سکتا ہے ۔ تاہم حکومت اسے عوامی تحفظ کے لیے ضروری اقدام قرار دے رہی ہے ۔۔ 2