بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے ریاست کے 8 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کیا تھا
حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کرنے والی جناسینا پارٹی کے تمام امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوگئی ہے ۔ فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے صدر جنا سینا پون کلیان نے تلنگانہ میں 30 سے زیادہ اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں بی جے پی اور جناسینا کے درمیان سیاسی اتحاد ہے اسی اتحاد کو تلنگانہ میں برقرار رکھا گیا ۔ 119 رکنی اسمبلی میں بی جے پی نے 111 اور جنا سینا نے 8 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کیا تھا ۔ گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ کوکٹ پلی میں جناسینا کے امیدوار ایم پریم کمار نے سب سے زیادہ 39,830 ووٹ حاصل کیے ۔ اس کے علاوہ دیگر 7 اسمبلی حلقوں میں اضلاع سے مقابلہ کیا گیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ کتہ گوڑم سے جناسینا کے امیدوار ایل سریندر راؤ کو 1945 اسمبلی حلقہ اشوا راؤ پیٹ سے جناسینا امیدوار ایم اوما دیوی کو 2281 اسمبلی حلقہ ناگر کرنول سے جنا سینا کے امیدوار وی لکشمن گوڑ کو 1955 ، اسمبلی حلقہ تانڈور سے جناسینا کے امیدوار این شنکر گوڑ کو 4087 ، اسمبلی حلقہ کوداڑ سے جناسینا کے امیدوار ایم ستیش ریڈی کو 2151 ، اسمبلی حلقہ کھمم سے جناسینا کے امیدوار ایم راما کرشنا کو 4040 اور اسمبلی حلقہ ویرا سے سمپت نائیک کو 2712 ووٹ حاصل ہوئے اور جناسینا کا کوئی بھی امیدوار ضمانت نہیں بچا سکا ۔۔ ن