تلنگانہ میں خواتین اور طالبات پر مظالم میں اضافہ

   

طالبہ کی خودکشی سے توجہ ہٹانے کی کوشش، کانگریس قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔16۔اکتوبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ترجمان ڈولی شرما اور اے آئی سی سی میڈیا کوآرڈینیٹر علی مہدی نے طالبہ پراونی کی خودکشی کو سرکاری قتل قرار دیا اور پسماندگان کو حکومت کی جانب سے امداد کی مانگ کی۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈولی شرما اور علی مہدی نے کہا کہ پولیس اور حکومت خودکشی کے واقعہ کو لو میریج کے طور پر پیش کرتے ہوئے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبہ کے افراد خاندان خودکشی کے واقعہ کے بعد سے پریشان ہیں لیکن حکومت کی جانب سے پرسہ تک نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کے بار بار التواء سے لاکھوں امیدواروں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے افراد خاندان سے فون پر بات کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں طلبہ اور نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کیا گیا ہے۔ کانگریس قائدین نے تحقیقات کے بغیر ہی پولیس کی جانب سے لو افیر کے بارے میں بیان کی مذمت کی۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں خواتین اور طالبات پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ ریاست میں خواتین اور طلبہ کی بھلائی کو نظرانداز کردیا گیا۔ کانگریس پارٹی نے 6 ضمانتوں کے اعلان کے ذریعہ طلبہ اور نوجوانوں کو ایک سال میں دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا بھروسہ دلایا ہے۔