تلنگانہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے خانگی اداروں سے اشتراک کا منصوبہ

   

نئی سیاحتی پالیسی کو منظوری، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع، اسمبلی میں جوپلی کرشنا راؤ کا جواب
حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے نئی سیاحتی پالیسی کو منظوری دی ہے جس کے تحت تلنگانہ میں سیاحتی مقامات کی ترقی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ جوپلی کرشنا راؤ آج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ٹمپل اور ایکو ٹورازم کے فروغ سے متعلق سوال کا جواب دے رہے تھے۔ پی راکیش ریڈی کے سوال پر ریاستی وزیر نے بتایا کہ تلنگانہ فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے ٹمپل اور ایکو ٹورازم کے فروغ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جس میں سیاحتی پالیسی کو منظوری دی ہے۔ اس پالیسی کے تحت حکومت اور خانگی شعبہ کے اشتراک سے سیاحتی مقامات کو ترقی دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے لئے بھاری سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے خانگی اداروں سے اشتراک کیا جائے گا۔ حکومت نے 2025-30 ء کی سیاحتی پالیسی کو کابینہ میں منظوری دی ہے۔ اُنھوں نے تلنگانہ میں موجود تاریخی مندروں کی ترقی اور اُنھیں سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دینے سے متعلق حکومت کے منصوبے کا انکشاف کیا۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ریاست میں سیاحت کے فروغ میں سنجیدہ ہیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ مندروں کی ترقی کے ذریعہ ٹمپل ٹورازم کے علاوہ ایکو ٹورازم اور ہیلت ٹورازم کو فروغ دینے کی منصوبہ بندی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بہت جلد بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے سیاحتی پراجکٹس کو منظوری دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ آبی ذخائر اور آبپاشی پراجکٹس کے اطراف بھی سیاحتی مقامات کے فروغ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 1