تلنگانہ میں عمر وظیفہ کی حد 58 سال سے بڑھاکر 61کرنے سے حکومت کا اُصولی اتفاق

   

حیدرآباد۔ 2 فروری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاستی سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی موجودہ حد عمر 58 سال سے بڑھاکر 61 سال کرنے سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت اپنے اس فیصلے پر یکم اپریل سے عمل آوری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ریاست میں گزشتہ سال منعقدہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے منعقدہ انتخابات کے موقع پر صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنے انتخابی منشور میں ریاستی سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی موجودہ حد عمر 58 سال سے بڑھاکر 61 سال کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اس وعدے کے مطابق کے سی آر نے سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی موجودہ حد عمر 58 سال سے بڑھاکر 61 سال کرنے سے متعلق فائیل تیار کرکے آئندہ ریاستی کابینی اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔ وظیفہ پر سبکدوشی کی موجودہ حد عمر 58 سال سے بڑھاکر 61 سال کرنے کی صورت میں جاریہ سال اپریل سے 31 مارچ 2023ء کے دوران وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے 26,133 سرکاری ملازمین و عہدیداروں کو زائد تین سال تک خدمات انجام دینے کا موقع ملے گا۔مرکزی حکومت ملازمین کی طرح ریاست میں بھی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کو 60 سال کرنے کے ساتھ ساتھ 33 سال سرویس مکمل کرنے والے ملازمین کیلئے اضافہ شدہ عمر پر عمل آوری نہ کرنے سے متعلق اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات کو چیف منسٹر نے قبول نہیں کیا جس کے ساتھ ہی عمر وظیفہ میں تین سال کا اضافہ یقینی ہوگیا۔