تلنگانہ میں قاتلانہ سیاست عروج پر،کے ٹی آر کا الزام

   

ناگرکرنول کے کمیرا جاترا میں دو ماہ کے بچہ کی ہلاکت پر شدید احتجاج

حیدرآباد۔ 25 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے تلنگانہ میں ’’قاتلانہ سیاست‘‘ عام ہو جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ضلع ناگرکرنول کے کمیرا ملنا جاترا میں دو ماہ کے معصوم بچے کی ہلاکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ معصوم کی ماں کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج میں حصہ لیا۔ متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے ٹی آر نے استفسار کیا کہ دو ماہ کے معصوم بچے کا آخر گناہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کمیرا جاترا میں پیش آنے والا یہ واقعہ انسانیت پر بدنما داغ ہے اور اس کو سیاست کی نذر نہیں کیا جانا چاہئے جب تک متاثرہ خاندان کو انصاف نہیں مل جاتا وہ ان کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ معصوم کی جان لینے والوں کا ساتھ نہ دیا جائے اور ذات پات کے نام پر حملہ کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ کے ٹی آر نے الزام لگایا کہ اس معاملے میں پولیس کا متاثرہ خاندان کا ساتھ نہ دینا افسوسناک ہے اور قاتلوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے، جو سارے نظام کے لئے شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ ترقی کی بات کرتا ہے لیکن اگر ذات کے نام پر معصوم جانیں لی جارہی ہیں تو یہ سنگین ظلم ہے۔ کیا دو ماہ کا بچہ ذات یا مذہب جانتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس معصوم کی پوری زندگی چھین لی گئی ہے۔ کے ٹی آر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں اور ذمہ دار افراد کو فوری گرفتار کرتے ہوئے انہیں سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئے خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے کیوں نہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے مقتول کے خاندان کو ایک کروڑ روپے معاوضہ اور ایک سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ 2