تلنگانہ میں قبل از وقت موسم گرما کا آغاز دن اور رات کے درجہ حرارت میں اچانک اضافہ

   

حیدرآباد 20 فبروری ( سیاست نیوز ) مانسون کی معمول سے زیادہ بارش اور ٹھٹھرادینے والی سردی کے بعد اب شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے یکم مارچ کو موسم گرما کا آغاز تصور کیا جاتا ہے تاہم ریاست میں ابھی سے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ گرما کا قبل از وقت آغاز ہوچکا ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت جو گذشتہ ہفتے تک 28 ڈگری کے آس پاس تھا اچانک ہی بڑھ کر 34.4 ڈگری سلسئیس تک پہونچ چکا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے ڈاٹا کے مطابق حیدرآباد کے بیشتر مقامات پر دن کے درجہ حرارت میں گذشتہ چند دنوں کے دوران دو تا تین ڈگری کا اضافہ ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے موسم کی تبدیلی کو ہوا کے رخ میں بدلاؤ کی وجہ قرار دیا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں شہر میں رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ 19 ڈگری تک پہونچ گیا ہے ۔ حالانکہ ابھی کوئی باضابطہ رپورٹ نہیں آئی ہے لیکن شہر میں جاریہ سال موسم گرما شدید ہونے کا امکان ہے ۔ آئندہ چند دن کیلئے اپنی پیش قیاسی میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ حیدرآباد میں موسم خشک رہے گا اور اوسط اعظم ترین درجہ حرارت 34 اور اوسط اقل ترین درجہ حرارت 20 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ہے اور اتوار کو کھمم اور نرمل میں درجہ حرارت 37.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ ملگ ‘ گدوال اور ناگرکرنول میں بھی آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں مزید دو ڈگری اضافہ کا امکان ہے ۔