تلنگانہ میں لاک ڈاون پر سختی سے عمل

   

حیدرآباد: تلنگانہ میں چوتھے دن لاک ڈاون پر عمل جاری ہے ۔لاک ڈاون میں نرمی کے اوقات میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نظر آرہی ہے ۔ضروری اشیا کی خریداری کے لئے عوام کی بڑی تعداد اپنے گھروں سے نکل رہی ہے تاہم قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت پولیس کی جانب سے معاملات درج کئے جارہے ہیں۔دس بجے دن کے بعد بھی تقریبا ایک گھنٹہ تک سڑکوں پر ہجوم دیکھاجارہا ہے ۔شہر کے کئی مقامات پر پولیس کی جانب سے چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں جہاں لاک ڈاون کے وقفہ کے دوران اور اس کے بعد بھی قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب گاڑی سواروں کو روکاجارہا ہے اور ان کے خلاف معاملات درج کئے جارہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ عوام میں بیداری پیدا کی گئی ہے اور بڑی تعداد میں لوگ، پولیس کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔لاک ڈاون میں نرمی کے اوقات کے بعد بھی بعض افراد جن کو مستثنی حاصل ہے ، اپنے گھروں سے ضروری کاموں سے باہر نکل رہے ہیں تاہم بہ حیثیت مجموعی تلنگانہ میں لاک ڈاون پر سختی سے عمل کیاجارہا ہے ۔