تلنگانہ میں لولو گروپ کے پہلے میگا لولو مال کا آج حیدرآباد میں افتتاح

,

   

کوکٹ پلی میں 300 کروڑ کی سرمایہ کاری سے عصری مال کا قیام، کے ٹی راما راؤ اور یوسف علی شریک ہوں گے

حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) متحدہ عرب امارات کے مشہور لو لو گروپ نے جنوبی ہند میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دیتے ہوئے تلنگانہ میں اپنا پہلا میگا مال حیدرآباد میں قائم کیا ہے۔ حیدرآباد کے کوکٹ پلی علاقہ میں لولو مال کے نام سے میگا شاپنگ مال کا کل 27 ستمبر کو افتتاح عمل میں آئے گا۔ وزیر بھاری مصنوعات کے ٹی راما راؤ لولو مال کا افتتاح کریں گے اور لولو گروپ کے صدرنشین ایم اے یوسف علی اور دیگر اہم شخصیتیں اس موقع پر موجود رہیں گی۔ لولو گروپ کا تلنگانہ میں یہ پہلا پراجکٹ ہے اور گروپ نے ریاست میں 500 کروڑ کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت سے گذشتہ سال ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے موقع پر یادداشت مفاہمت کی گئی جس کے تحت پہلے پراجکٹ کے طور پر 300 کروڑ کی سرمایہ کاری سے لولو مال حیدرآباد میں قائم کیا گیا جس میں بین الاقوامی شاپنگ کا تجربہ حیدرآباد میں کیا جاسکتا ہے۔ لو لو ہائپر مارکٹ میں مقامی اور بین الاقوامی 75 سے زائد برانڈز دستیاب رہیں گے اور 5 اسکرین سنیما قائم کی گئی ہیں جس میں 1400 افراد کی گنجائش رہے گی۔ ملٹی کوزین فوڈ کورٹ اور بچوں کیلئے تفریحی مرکز رہے گا۔ کوکٹ پلی میں واقع یہ مال جے این ٹی یو سے قریب ہے اور 2000 سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔ لولو ہائپر مارکٹ ایک بین الاقوامی نام ہے جس میں مقامی اور بین الاقوامی مختلف نوعیت کے پراڈکٹس دستیاب ہیں جن میں فیشن ، ہوم اپلائنسیس، الیکٹرانکس، موبائیلس، آئی ٹی اور لائف اسٹائیل پراڈکٹس شامل ہیں۔ لولو مال 5 لاکھ مربع فیٹ پر محیط ہے جس میں 2 لاکھ مربع فیٹ لولو ہائپر مارکٹ ہے۔ کمپنی کے ڈائرکٹر آف مالس شیبو فلپس نے میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مال میں عوام کے ہر شعبہ کیلئے غذا کے ساتھ ساتھ تفریح کی سہولت بھی دستیاب رہے گی۔ تفریحی زون 20 ہزار مربع فیٹ کے احاطہ پر محیط ہے جس میں بچوں اور بالغوں کیلئے 75 مختلف تفریحی مشغلے شامل ہیں۔ فوڈ کورٹ میں 15 ملٹی کوزین آؤٹ لیٹس 500 نشستوں کی گنجائش کے ساتھ موجود ہیں۔ اس کے علاوہ 6 ریسٹورنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ مال کے تحت 1000 کاروں اور 900 بائیکس کی پارکنگ کی سہولت دستیاب ہے۔ 6 منزلہ مال میں جن قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے پراڈکٹس دستیاب ہیں ان میں اسٹاربکس، جی اے پی، لیویز، پوما، ٹساٹ، ٹرینڈ اور دوسرے شامل ہیں۔ حیدرآباد ملک کا چھٹواں شہر ہے جہاں لولو گروپ نے اپنے پراجکٹ قائم کئے ہیں۔ کوچی، تھروننتا پورم، بنگلور، لکھنو اور کوئمبتور میں پہلے سے ہائپر مارکٹس موجود ہیں۔ لولو گروپ کے 22 ممالک میں 255 سے زائد ہائپر مارکٹ اور 24 شاپنگ مالس موجود ہیں۔ ہندوستان میں فوڈ پروسیسنگ اور ریٹیل پراجکٹس میں احمد آباد، چینائی، سری نگر، گریٹر نوئیڈا اور وارانسی میں سرمایہ کاری کو توسیع دی گئی ہے۔ لولوگروپ کے صدرنشین ایم اے یوسف علی کا ہیڈکوارٹر ابوظہبی میں واقع ہے۔ مشرق وسطیٰ، یوروپ اور نارتھ افریقہ ریجن میں کمپنی کے ادارے قائم ہیں۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ایگزیکیٹو ڈائرکٹر ایم اے اشرف علی، ڈائرکٹر لولو انڈیا اینڈ اومان آنند اے وی، ڈائرکٹر و چیف ایگزیکیٹو آفیسر لولو گروپ انڈیا ایم اے نشاد، ڈائرکٹر مارکٹنگ اینڈ کمیونیکیشن وی نندا کمار، ریجنل منیجر عبدالقدیر شیخ اور دوسرے موجود تھے۔ لولو گروپ کے صدرنشین ایم اے یوسف علی تقریب میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہنچ گئے۔