تلنگانہ میں مانسون مزید دو ہفتے رہے گا

   

حیدرآباد۔ جنوب مغربی مانسون کا تلنگانہ میں اکٹوبر کے دوسرے ہفتے تک اختتام متوقع ہے ۔ واضح رہے کہ جاریہ سال مانسون میں اضافی بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ریاست میں مانسون ابھی موجود ہے اور اس کے اختتام کیلئے مزید دو ہفتے درکار ہوسکتے ہیں۔ تاہم مانسون کی شدت حیدرآباد اور دوسرے اضلاع میں گذشتہ تین دنوں کے دوران کم ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب شہر میں درجہ حرارت معمول سے قدرے زیادہ درج کیا جا رہا ہے ۔ ہفتے کو اعلی ترین درجہ حرارت 33.2 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے دو ڈگری زیادہ ہے ۔ علاوہ ازیں جمعہ کی رات کو اقل ترین درجہ حرارت 24.3 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اعظم ترین درجہ حرارت 35.7 ڈگری سلسئیس مشیر آباد میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ اقل ترین 21.4 ڈگری سلسئیس ماچا بولارم میں ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ موسمی پیش قیاسی میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آئندہ تین دنوں کے دوران بیشتر مقامات پر موسم خشک ہی رہے گا اور ایک یا دو مقامات ہلکی سے اوسط بارش یا گرج چمک ہوسکتی ہے ۔