تلنگانہ میں ماوسٹوں کا کوئی اثر نہیں : ڈی جی پی

   

جینور واقعہ میں انٹلی جنس کی ناکام کا الزام مسترد‘ پر یس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز)ریاست تلنگانہ میں ماوسٹ اپنے وجود کو ثابت کرنے کی انتھک کوشش کررہے ہیں جبکہ ریاست میں ان کا کوئی منظم کیڈر موجود نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر جتیندر نے کیا ۔ انھوں نے آج ایکپریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں میں ماؤسٹوں کی سرگرمیاں دیکھی گئیں ۔ انھوں نے کہاکہ ریاست کا ماؤسٹ کیڈر چھتیس گڑھ منتقل ہوچکا ہے اور اکثر ماؤسٹ چھتیس گڑھ سے ریاست کے سرحدی اضلاع میں داخل ہورہے ہیں لیکن یہاں ریاست میں ان کا کوئی اثر نہیں رہا ۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس سرحدی اضلاع کے علاوہ متاثرہ اضلاع میں سخت چوکسی اختیار کرتے ہوئے ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے کہاکہ ریاست میں اب اُن کے مددگار نہیں رہے اور عوام میں بھی ماؤسٹوں کے متعلق ہمدردی باقی نہیں رہی ۔ ڈی جی پی نے جنیور واقعہ میں انٹلیجنس کی ناکامی کے الزام کو مسترد کردیا اور کہاکہ مقامی تنظیموں نے احتجاج کا اعلان کیا تھا اور پولیس کو اس بات کا یقین دلایا گیا تھا کہ احتجاج پرامن رہے گا لیکن اچانک چند افراد کے سبب تشدد پھوٹ پڑا اور املاک کو نقصان پہونچایا گیا ۔ انھوں نے بتایا کہ جنیور میں تاحال چوکسی اختیار کی گئی ہے اور ہیڈکواٹرس سے حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ 1387 افراد کی گرفتاریاں تاحال عمل میں لائی گئیں ہیں ۔ ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر نے کہاکہ گنیش اور میلاد جلوس پرامن رہے ۔ انھوں نے بتایا کہ چند واقعات کے علاوہ دونوں تہوار مجموعی طورپر پرامن رہے ۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست کے (3,829) مقامات پر ایک لاکھ 36 ہزار مورتیوں کا وسرجن کیا گیا۔حیدرآباد کیلئے 10 ہزار سے زائد فورس کو متعین کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ (39) پلاٹونس تعینات کئے گئے تھے ۔ انھوں نے بتایا کہ (1700) زیرتربیت پولیس مندوبین جن میں (500) سب انسپکٹرس شامل تھے گنیش وسرجن بندوبست میں اُن کی خدمات حاصل کی گئی تھیں ۔ انھوں نے فون ٹیاپنگ معاملہ میں کچھ کہنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ عدالت میں زیردوران ہے اور اس معاملہ کی تحقیقات خصوصی ٹیم کررہی ہے ۔ انھوں نے پولیس کے علاوہ دیگر تمام متعلقہ محکموں کے تعاون کی ستائش کی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر رمیش بھاگوت ، آئی جی ملٹی زونس ستیہ نارائنا ، راج شیکھر ‘ رمیش و دیگر موجود تھے ۔ ع