تلنگانہ میں متمول خاندانوں کو گرین راشن کارڈس کی اجرائی کا فیصلہ : اتم کمار ریڈی

   

غریب خاندانوں کو تین رنگی راشن کارڈ رہے گا، چاول کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی پر غور
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے راشن کارڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں غریب اور امیر طبقہ کے درمیان تفریق کے لئے دو علیحدہ راشن کارڈس کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سطح غربت سے اوپر یعنی APL خاندانوں کے لئے گرین راشن کارڈ کی اجرائی پر غور کیا جائے گا۔ متمول طبقہ کو گرین راشن کارڈ پر کیا سہولتیں فراہم کی جائیں گی، اِس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے کہاکہ سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے BPL خاندانوں کو 3 رنگوں پر مشتمل راشن کارڈ جاری کیا جائے گا جس پر چاول مفت سربراہ کیا جائے گا۔ جبکہ گرین راشن کارڈ ہولڈرس مفت چاول کی اسکیم کے مستحق نہیں ہوں گے۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ حکومت گرین راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کو دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں جائزہ لے رہی ہے۔ اِس سلسلہ میں قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ گرین راشن کارڈ دراصل پاسپورٹ کے حصول اور شہریت کے سرٹیفکٹ کے حصول کے لئے رہائشی ثبوت کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت APL خاندانوں کو آروگیہ شری ہیلت کیر خدمات، فیس ری ایمبرسمنٹ، اسکالرشپ، پنشن برائے معمرین اور مہا لکشمی پنشن برائے خواتین جیسی سہولتوں کی فراہمی پر غور کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ راشن شاپس کے ذریعہ آنے والے دنوں میں حکومت اشیائے ضروریہ کی سربراہی کا منصوبہ رکھتی ہے جس کے تحت دالیں، پامولین آئیل، گیہوں، شکر، ہلدی، نمک اور دیگر مسالحہ جات شامل رہیں گے۔ مذکورہ سہولتوں کے دائرہ میں گرین کارڈ ہولڈرس کو شامل کرنے کا معاملہ حکومت کے زیرغور ہے۔ فی الوقت راشن شاپس کے ذریعہ صرف چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ متحدہ آندھراپردیش میں APL اور BPL خاندانوں کو پنک اور وائٹ راشن کارڈ جاری کئے گئے تھے۔ 2014 ء میں تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بی آر ایس حکومت نے پنک راشن کارڈس کو کالعدم کردیا اور BPL خاندانوں کے سفید راشن کارڈ کو برقرار رکھا تھا۔ متمول خاندانوں کی جانب سے راشن کارڈ کے بڑھتے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے گرین راشن کارڈ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیول سپلائز ڈپارٹمنٹ عنقریب نیا اسمارٹ راشن کارڈ تیار کرے گا جو QR کوڈ سے مربوط رہے گا۔ 3 رنگی اور گرین راشن کارڈ دونوں اسمارٹ راشن کارڈ کی شکل میں رہیں گے۔ 1