تلنگانہ میں محکمہ برقی کی موثر کارکردگی، حادثات میں کمی

   

معیاری برقی اشیاء کے استعمال کا مشورہ، خانگی کنٹراکٹرس اور الکٹریشنس کا اجلاس
حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز) سرکاری پالیسیوں اور موثر اقدامات کے سبب ریاست تلنگانہ میں برقی حادثات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ بات حکومت تلنگانہ کے چیف انکوائری آفیسر برائے برقی مسٹر رمنا پرساد نے بتائی۔ انہوں نے منٹ کمپاونڈ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کیا۔ خانگی کنٹراکٹرز اور الکٹریشنس کا اجلاس طلب کیا گیا۔ انہوں نے خانگی کنٹراکٹرز اور الکٹریشنس پر زور دیا کہ وہ برقی حادثات کی روک تھام کیلئے آپ ہی سنجیدہ اقدامات کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ الکٹریشنس اور کنٹراکٹرز لائنس کو آن لائن جاری کرنے کے نظام کو بہت جلد رائج کیا جائے گا۔ مسٹر رمنا پرساد نے بتایا کہ گزشتہ 5 سال کے عرصہ میں ریاست بھر میں برقی حادثات میں کمی واقع ہوئی ہے اور نئے نظام اور اقدامات کے سبب ایسے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح کنٹراکٹرز اور الکٹریشنس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ برقی حادثات کی روک تھام کے لئے اقدامات کریں۔ اس طرح عہدیداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات کریں اور چوکس رہیں۔ معیاری کوالیٹی کے کیبل، سوئچ بورڈ ، مین بورڈز جیسے اشیاء کا استعمال کریں اور ناکارہ و ناقص کوالیٹی کی اشیاء کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ برقی حادثات کی روک تھام کیلئے پرائیویٹ کنٹراکٹرز کو چاہیئے کہ وہ آگہی حاصل کرتے رہیں۔ اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے۔