حیدرآباد: تلنگانہ میں نئے ریونیو قانون پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ دھرانی پورٹل کے آغاز سے عین قبل حکومت نے ریونیو قانون پر نفاذ کے احکامات جاری کئے۔ حکومت نے تحصیلداروں کو جوائنٹ سب رجسٹرار کی حیثیت سے تقرر کے احکامات جاری کئے اور انہیں غیر زرعی اراضیات کے امور سے نمٹنے کا اختیار دیا گیا ہے ۔ حکومت نے دو علحدہ احکامات جاری کئے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ محکمہ مال کی کارکردگی میں شفافیت پیدا کرنے اور عہدیداروں کو جواب دہ بنانے کیلئے قانون میں ترمیم کی گئی تاکہ عوام کو سہولت ہو۔ تحصیلداروں کو زرعی اراضیات کے رجسٹریشن اور میوٹیشن کا اختیار دیا گیا ہے ۔ کمشنر اینڈ انسپکٹر جنرل رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ نے نئے سب ڈسٹرکٹس کے قیام کی تجویز حکومت کو پیش کی۔ تحصیلدار اپنے دفاتر میں جوائنٹ سب رجسٹرار کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے ۔ انہیں اراضیات کے رجسٹریشن کی انجام دہی کا اختیار دیا گیا ہے ۔ ریاست کے 570 منڈلوں کیلئے تحصیلداروں کو جوائنٹ سب رجسٹرار مقرر کیا گیا۔ حکومت نے وضاحت کی کہ تحصیلدار کے غیاب میں نائب تحصیلدار یا کلکٹر کی جانب سے مقرر کردہ عہدیدار کو جوائنٹ سب رجسٹرار کے اختیارات حاصل رہیں گے۔