الیکشن کمیشن کی ٹیم کا دورہ معمول کی کارروائی ، انتخابات مقررہ وقت پر ڈسمبر میں ہوں گے
حیدرآباد۔20۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی کے وسط مدتی انتخابات کے امکانات کو خارج کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے واضح کیا کہ اسمبلی انتخابات شیڈول کے مطابق ڈسمبر میں منعقد ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم کے حالیہ دورہ کے بعد میڈیا میں یہ اطلاعات گشت کرنے لگی تھیں کہ اسمبلی انتخابات مقررہ وقت سے پہلے ہوں گے۔ الیکشن کمیشن ٹیم کے دورہ پر وضاحت کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ وسط مدتی انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات 2018 ء میں ہوئے تھے اور میعاد کی تکمیل پر جاریہ سال ڈسمبر میں انتخابات ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا اور یہ تیاریاں معمول کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے وسط مدتی انتخابات کا کوئی اشارہ نہیں دیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے جنوری میں مختلف امور کا جائزہ لینا شروع کردیا جس میں فہرست رائے دہندگان اور ای وی ایم مشینوں کی تیاری شامل ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی سہ رکنی ٹیم نے چیف الیکٹورل آفیسر و دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی تھی۔ عہدیداروں نے ای وی ایم مشینوں کی جانچ کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع کلکٹرس کو اس کام کی نگرانی کی ہدایت دی۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر نتیش ویاس نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے نقاص سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی ہدایت دی۔ وکاس راج کے مطابق الیکٹرانکس کارپوریشن آف انڈیا سے سربراہ کئے گئے ای وی ایم مشینوں کو مناسب جانچ کے بعد اضلاع کو روانہ کیا گیا ہے ۔ ر