تلنگانہ میں پولیو خوراک۔وزیرصحت ای راجندر نے افتتاح کیا

,

   

حیدرآباد10مارچ (یواین آئی)تلنگانہ بھر میں پولیو خوراک آج بچوں کو پلائی جارہی ہے ۔ ریاست گیر سطح پر ایک ہی مرحلہ کے تحت پلس پولیو پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جس کے تحت پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کی خوراک دی جارہی ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق آج ریاست بھر میں 35,12,333بچوں کو یہ خوراک دی جارہی ہے ۔ اس کے لئے 22,768مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ سفر کرنے والے بچوں کے لئے 737ٹرانزٹ مراکز کے ذریعہ تمام بس اسٹیشنوں’ ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر اہم مقامات پر پولیو خوراک دی جارہی ہے ۔ ایسے بچے جنہیں کسی وجوہات کی بنا پر پولیو خوراک نہیں دی جاسکتی ان بچوں کا 11 اور 12مارچ کو گھر گھر جاکر احاطہ کیا جائیگا۔ شہر میں طبی اہل کارتین دنوں تک گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو خوراک دیں گے ۔پلس پولیو پروگرام کے سلسلہ میں ریاستی حکومت نے وسیع تر انتظامات کئے ہیں ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ایسے علاقوں کی نشاندہی کرکے ان پر توجہ مرکوز کی ہے ، جہاں پولیو کا خطرہ ہے ۔ بچوں کو پولیو کی خوراک پلانے بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ اسکے علاوہ موبائیل اور ٹرانزٹ یونٹیں فراہم کی گئی ہیں ۔ ہر ضلع میں ہر ایک رجسٹرڈ بچہ کا احاطہ کرنے تک یہ پروگرام جاری رہے گا ۔بس اسٹیشنوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ پولیو کی دواپلانے کے اس کام کیلئے 95ہزار ارکان کو متعین کیاگیا ہے ۔