تلنگانہ میں یومیہ 5000 کنٹل پیاز کی ضرورت ،اکٹوبر میں نئی فصل آنے تک قیمت میں بتدریج اضافہ
حیدرآباد،28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) باورچی خانہ کی اہم شئے پیاز کی قیمتوں میں کمی کے کوئی آثار نہیں ہیں کیونکہ گجرات، مہاراشٹرا، اے پی کے کرنول، اننت پور، کرناٹک،تلنگانہ میں ہوئی حالیہ بارش کے نتیجہ میں پیاز کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا،دوسری طرف پیاز کی طلب میں اضافہ کے نتیجہ میں بھی اس کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔بازار میں پیاز کی قیمت 20تا25روپئے فی کیلو تھی جو اب بتدریج بڑھ رہی ہے۔کرنول کی ای مارکٹ سکریٹری جیہ لکشمی نے کہا کہ معیار کے لحاظ سے پیاز کی قیمت درج کی گئی ہے ۔پیاز کی قیمت میں اضافہ نے جہاں عام آدمی کے لئے مشکل کھڑی کردی ہے وہیں پیاز کے بڑے خریدار بھی پران بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔پیاز فروخت کرنے والوں نے کہا کہ کرنول میں بارش سے پیاز کے خراب ہوئی ہے اور سائز میں بھی کمی ہوئی ہے جبکہ مہاراشٹرا کی پیاز معیاری اور بہترین ہے ۔ تلنگانہ کے عہدیداروں نے کہا کہ اکتوبر میں پیاز کی نئی فصل آنے تک قیمتیں ایسی ہی برقرار رہے گی۔ حکومت کی جانب سے رعیتو بازاروں میں کم قیمت پر پیاز فروخت کی جارہی ہے جبکہ کھلے بازار میں پیاز 30 تا35 روپئے کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے ۔ مہاراشٹر’ گجرات’ کرناٹک اور دیگر مقامات پر پیاز کی پیداوار میں کمی بھی اس کی قیمت میں اضافہ کی اہم وجہ ہے ۔ تلنگانہ میں ہر دن پانچ ہزار کنٹل پیاز فروخت ہوتی ہے ۔ عوام نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ سے انہیں مشکل کا سامنا ہے ۔