تلنگانہ میں کارپوریٹ ادارے خانگی اسکولس قائم کرنے کے خواہاں

   

آئندہ تعلیمی سال سے آغاز متوقع ، موجودہ متعدد اسکولس کی تاحال عدم کشادگی
حیدرآباد۔11۔نومبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں زائد از 16 ماہ اسکولوں کو بند رکھے جانے کے سبب بیشتر بجٹ اسکولس بند ہوچکے ہیںاور حکومت کی جانب سے اسکولوں کی کشادگی کا اعلان کئے جانے کے باوجود کئی اسکولوں کی جانب سے کلاسس کا باضابطہ آغاز نہیں کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ اب تک ہونے والے مالیاتی خسارہ کے سبب وہ اسکول کی کشادگی کے موقف میں نہیں ہیں۔ دوسری جانب تلنگانہ میں محکمہ تعلیم کو 2022-23 کے دوران اسکولوں کے آغاز کیلئے 121درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ان میں بیشتر درخواستیں کارپوریٹ اداروں کی جانب سے داخل کی گئی ہیں جو کہ تلنگانہ میں نئے اسکولوں کے قیام کے لئے تیار ہیں اور آئندہ تعلیمی سال کے دوران وہ اسکولوں کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے دوران جب اسکولوں کی کشادگی عمل میں نہیں لائی گئی تھی اس وقت بھی محکمہ تعلیم کو 363 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں نئے اسکولوں کے قیام اور آغاز کی اجازت طلب کی گئی تھی اور اس کے ساتھ ساتھ 100 سے زائد خانگی اسکولوں کے ذمہ دارو ںنے اپنے اسکولو ںمیں ہائی اسکول کے آغاز کیلئے درخواستیں داخل کی تھیں جن کی یکسوئی کا عمل جاری ہے۔ تلنگانہ میں اسکولوں کے قیام کے خواہشمند ادارو ںمیں کارپوریٹ ادارے شامل ہیں علاوہ ازیں بعض ایسے اداروں کی جانب سے نئی شاخوں کے آغاز کیلئے درخواستیں داخل کی گئی ہیں جو پہلے سے تلنگانہ میں اپنے تعلیمی ادارے چلا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ سال گذشتہ داخل کی گئی نئے اسکولوں کے قیام کیلئے درخواستوں میں 250 درخواست گذاروں کو اسکولوں کے قیام کی اجازت دے دی گئی ہے اور ان میں بیشتر اداروں کا ملکاجگری ‘ میڑچل ‘ رنگاریڈی کے علاوہ دیگر نواحی علاقو ںمیں قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ 16ماہ کے دوران پیدا شدہ صورتحال کے سبب بعض اسکولوں کی جانب سے اپنے طلبہ کو اسکول بند کرنے کے عمل سے واقف کروایا جاچکا ہے اور بعض اسکول انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی سال 2022-23کے لئے داخلوں کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ اگر آئندہ تعلیمی سال کیلئے بھی نئے داخلہ حاصل نہیں ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں اسکولوں کو بند کرنے کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں فی الحال 11ہزار خانگی اسکول چلائے جا رہے ہیںجن میں 3000خانگی اسکول حیدرآباد میں ہیں جبکہ 4000خانگی اسکول میڑچل ‘ ملکاجگری اور رنگاریڈی کے حدود میں ہیں مابقی 5000 اسکول ریاست کے دیگر تمام اضلاع میں چلائے جا رہے ہیں۔م