گاندھی بھون میں زرعی اصلاحات پر سمینار، ماہرین اور قائدین کی شرکت
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک میں اراضی اصلاحات کے آغاز کا سہرا سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کے سر جاتا ہے جنہوں نے اندرا گاندھی کے راستہ پر چلتے ہوئے غریبوں کو اراضیات فراہم کرنے کی مساعی کی تھی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام گاندھی بھون میں اراضی اصلاحات کے موضوع پر سمینار منعقد کیا گیا۔ ممتاز صحافی ڈاکٹر کے رام چندرا مورتی اور آندھرا جیوتی کے ایڈیٹر کے سرینواس راؤ نے اراضی اصلاحات پر مخاطب کیا۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے علاوہ ارکان اسمبلی سریدھر بابو ، جگا ریڈی ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، ایم ششی دھر ریڈی ، مہیش کمار گوڑ ، ومشی چند ریڈی ، ملو روی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے ملک کیلئے نرسمہا راؤ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ اس زمانہ میں راشٹرپتی بھون کے پروٹوکول آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ نرسمہا راؤ سے عوامی مسائل پر بات چیت کا موقع ملا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سماجی انصاف پر عمل پیرا ہے اور دلتوں اور کمزور طبقات کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 12,000 مواضعات میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے اور 2023 ء میں ریاست میں پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئے گی ۔ مقررین نے ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے کمزور طبقات اور کسانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔ نت نئے قوانین کے ذریعہ کسانوں کو مسائل میں مبتلا کیا گیا ہے ۔ مرکزی زرعی قوانین پر تلنگانہ میں عمل آوری کا فیصلہ افسوسناک ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے گاندھی بھون میں سیوا دل کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور سیوا دل کو مستحکم بنانے پر زور دیا۔ سیوا دل کے آل انڈیا صدرنشین لال جی دیسائی اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔