تلنگانہ میں کانگریس کو لوک سبھا کی 10 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی

   

بی آر ایس کو تین تا پانچ اور بی جے پی کو دو تا چار نشستیں حاصل ہوں گی، 2 خانگی اداروں کا اوپنین سروے
حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات پر مختلف میڈیا اداروں کی جانب سے سروے کا اہتمام کیا گیا اور تمام سروے کانگریس کے بہتر مظاہرے کی پیش قیاسی کر رہے ہیں۔ پیوپلزپلس و ساؤتھ فرسٹ نامی اداروں نے تلنگانہ میں لوک سبھا نتائج پر ٹریکر پول 2024 کے عنوان سے سروے کیا ۔ سروے میں ریاست کی 17 لوک سبھا نشستوں میں کانگریس کو 8 تا 10 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ بی آر ایس تین تا پانچ حلقوں پر کامیاب ہوگی جبکہ بی جے پی دو تا چار نشستوں پر کامیاب ہوسکتی ہے۔ دیگر کے حصہ میں ایک نشست دکھائی گئی ۔ ووٹ فیصد حاصل کرنے کے معاملہ میں بھی کانگریس اپنی حریف پارٹیوں سے آگے ہے۔ سروے میں پیش قیاسی کی گئی کہ کانگریس کو 40 فیصد ووٹ حاصل ہونگے جبکہ بی آر ایس 31 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے گی۔ بی جے پی کو 23 فیصد ووٹ پیش قیاسی کی گئی ۔ دیگر پارٹیوں کو 6 فیصد ووٹ حاصل ہونگے۔ اسمبلی انتخابات کا تقابل کیا جائے تو کانگریس کے ووٹ فیصد میں ایک فیصد کا اضافہ ہوگا جبکہ بی جے پی کو 9 فیصد زائد ووٹ حاصل ہونگے۔ بی آر ایس اسمبلی کے مقابلہ 6 فیصد ووٹ سے محروم ہوسکتی ہے۔ سروے میں بتایا گیا کہ لوک سبھا چناؤ میں عوام کی ترجیحات اسمبلی سے مختلف ہوتی ہیں لہذا بی جے پی کے ووٹ فیصد میں اضافہ ہوگا۔ کانگریس کو خواتین کی بھاری تائید کا امکان ہے۔ دونوں اداروں نے ریاست کے تمام پارلیمانی حلقوں کے تحت ہر ایک میں تین اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرکے ووٹرس سے بات کی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 4600 افراد کا سیمپل سروے کیا گیا جو 11 تا 17 فروری کے درمیان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ قومی نیوز چینلس کے سروے میں بھی کانگریس کو10 سے زائد نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔1