عوام کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ، وزیر صحت کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر نے اس بات کا ادعا کیا کہ ریاست تلنگانہ میں اب تک کرونا وائرس سے متعلق کوئی ایک کیس کا بھی پتہ ( ثبوت فراہم نہیں ہوا ) نہیں چلا ہے ۔ ریاست میں کرونا وائرس کیسیس سے متعلق بعض اطلاعات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران مسٹر ای راجندر نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے عوام میں زبردست ڈر و خوف ضرور طاری ہوا ہے کیوں کہ کرونا وائرس اب تک ہی جملہ 26 ممالک میں پھیل چکا ہے اور ریاست میں بھی امکانی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت انتہائی چوکسی اختیار کرتے ہوئے جنگی پیمانے پر تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جانے کا مسٹر ای راجندر نے انکشاف کیا اور بتایا کہ شہر حیدرآباد میں واقع گاندھی ہاسپٹل ، فیور ہاسپٹل اور چیسٹ ہاسپٹل وغیرہ میں ’ایسولیٹیڈ وارڈز ‘ قائم کئے گئے اور خصوصی طور پر مرکزی حکومت سے منظوری حاصل کر کے کرونا وائرس سے متعلق خون کے نمونے حاصل کر کے گاندھی ہاسپٹل میں ہی ان خون کے نمونوں کے ٹسٹس کیے جارہے ہیں ۔ اور اندرون چھ تا سات گھنٹوں کے دوران ہی حاصل کردہ خون کے نمونوں کے ٹسٹس رپورٹس بھی دئیے جارہے ہیں ۔ وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر نے بتایا کہ ملک چین و دیگر ممالک سے شہر آنے والے جملہ 125 افراد کو خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ اور ان میں سے اب تک حاصل کئے ہوئے خون کے نمونوں کے 60 تا 70 افراد کے ٹسٹس رپورٹ حاصل ہوچکے ہیں لیکن ان تمام میں سے کسی ایک فرد کے ٹسٹ رپورٹ کے ذریعہ کرونا وائرس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے جب کاتب صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے پریس نوٹس بھی جاری کئے جارہے ہیں تاکہ عوام میں پائی جانے والی تشویش کو دور کیا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرونا وائرس عام نوعیت کی زکام پر ہی مبنی ہوتا ہے اور اس طرح کسی میں زکام وغیرہ جیسی صورتحال پائی جانے پر ڈاکٹروں سے فوری ربط پیدا کرنے کا وزیر صحت نے عوام کو مشورہ دیا ہے اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں چونکہ درجہ حرارت ( گرمی ) میں اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ریاست میں کرونا وائرس پھیلنے یا پائے جانے کے امکانات ہرگز پیدا نہیں ہوں گے اور یہ صورتحال ہرگز ممکن بھی نہیں ہوگی ۔ لہذا ریاست کے عوام کو کرونا وائرس کے تعلق سے کسی تشویش میں مبتلا ہونے کی ہرگز ضرورت نے رہنے کا وزیر موصوف نے اظہار کیا ۔۔