تلنگانہ میں کمزور طبقات کو سماجی تحفظ کی فراہمی

   

پانچ ہزار مقدمات کی یکسوئی، صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر سرینواس کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔10۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ای سرینواس نے کہا کہ ریاست میں ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو سماجی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ان طبقات پر مظالم اور ہراسانی کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے قیام کا مقصد ان طبقات کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ سرینواس نے کہا کہ کمیشن کے قیام سے ایس سی ، ایس ٹی طبقات میں انصاف کے لئے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے مظالم کے 5000 معاملات میں انصاف فراہم کیا گیا اور متاثرین میں 40 کروڑ روپئے کا معاوضہ تقسیم کیا گیا۔ ملک بھر میں تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کی خدمات مثالی ہے۔ کمیشن کے صدرنشین نے آج محبوب آباد ضلع میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی ترقی کا جائزہ لیا ۔ وزیر بہبودیٔ قبائل ستیہ وتی راتھوڑ، مقامی رکن اسمبلی شنکر نائک ، ضلع کلکٹر سی ایچ شیوا لنگیا، جوائنٹ کلکٹر کوٹی ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد کے سی آر نے ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو سماجی تحفظ فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن نے مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ میں ایس سی ، ایس ٹی طبقات کیلئے جو قدم اٹھائے گئے ، اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کمزور طبقات پر مظالم کی روک تھام کے سلسلہ میں کمیشن سے تعاون کریں۔