دو متاثرین اٹلی اور نیدرلینڈز سے شہر واپس ہوئے تھے: وزیر صحت
حیدرآباد۔ 15 مارچ (پی ٹی آئی) محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں ایک 46 سالہ شخص کے کورونا وائرس معائنے اتوار کو مثبت پائے گئے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس وباء کے متاثرین کی مجموعی تعداد 3 تک پہنچ گئی۔ ریاست نے ہفتہ کو سی او وی آئی ڈی (کووڈ۔19) کے ایک متاثرہ مریض کے معائنے مثبت پائے گئے تھے جو اٹلی کے سفر سے واپس لوٹا تھا۔ تلنگانہ میں پہلے کیس کا انکشاف اس ماہ کے اوائل میں ہوا تھا جب ایک 24 سالہ سافٹ ویئر انجینئر کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا لیکن سرکاری گاندھی ہاسپٹل میں علاج کے بعد مکمل طور پر وہ صحت یاب ہوگیا اور جمعہ کی شب اس کو دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا۔ حکمہ صحت کے عہدیداروں نے اتوار کو کہا کہ پونے کے قومی وائرولوجی انسٹیٹیوٹ کو بھیجے گئے دو نمونوں کے منجملہ ایک کا معائنہ مثبت پایا گیا۔دوسرا منفی رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مریض 9 مارچ کو نیدرلینڈز سے واپس آیا تھا جو گاندھی ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے اور سب سے الگ تھلگ وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ وہ خود ہی 13 مارچ کو رجوع ہوا تھا۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کورو نا وائرس کے تیسرے کیس کے مثبت ہونے کی توثیق کرتے ہوئے اتوار کو اسمبلی میں کہا کہ اس کے اطراف رہنے والے افراد کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ بشمول ضلع وقارآباد مختلف مقامات پر کورنٹائن (قرنطینہ) کی سہولتیں دستیاب کی گئی ہیں۔ (تفصیلی اور متعلقہ خبریں صفحہ 8پر)