تلنگانہ میں کورونا کیسیس 2 ہزار سے تجاوز، 7 اموات

,

   

ایکٹیو کیسیس 13 ہزار سے زائد، کئی اضلاع وائرس کی شدید زد میں
حیدرآباد : تلنگانہ میں کورونا کیسیس میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پازیٹیو کیسیس 2 ہزار سے تجاویز کرچکے ہیں۔ اِس کے علاوہ 7 اموات واقع ہوئیں جو گزشتہ 2 ماہ میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔ تلنگانہ میں پازیٹیو کیسیس کے علاوہ ایکٹیو کیسیس کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق کورونا کی دوسری لہر سے ریاست کے تمام 33 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ 2055 نئے پازیٹیو کیسیس کے ساتھ ایکٹیو کیسیس کی جملہ تعداد 318704 ہوچکی ہے۔ 303 افراد صحتیاب ہوئے اور صحت یاب ہونے والوں کی جملہ تعداد 303601 ہے۔ کورونا سے تاحال 1741 افراد فوت ہوئے ہیں۔ ریاست میں ایکٹیو کیسیس 13362 درج کئے گئے جن میں سے 8263 مریض ہوم آئسولیشن کے تحت زیرعلاج ہیں۔ منگل اور چہارشنبہ کے درمیان 87332 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں 4457 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ حکومت نے مریضوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کے لئے ٹسٹوں کی تعداد کو ایک لاکھ تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلی مرتبہ 87332 کورونا ٹسٹ 24 گھنٹے میں کئے گئے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق سرکاری مراکز میں 75909 اور خانگی مراکز میں 11423 ٹسٹ کئے گئے ہیں۔ 79.2 فیصد افراد میں کورونا کی کوئی علامتیں پائی نہیں گئی۔ جبکہ 20.8 فیصد افراد علامتوں کے ساتھ پازیٹیو پائے گئے۔ نئے کیسیس کی تعداد کے اعتبار سے حیدرآباد 398 پازیٹیو کیسیس کے ساتھ سرفہرست ہے۔