تلنگانہ میں کورونا کی شرح میں کمی ، حکومت کو رپورٹ پیش

   


حیدرآباد :۔ تلنگانہ کے محکمہ صحت نے حکومت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں کورونا پازیٹیو کیسیس 2.27 فیصد سے گھٹ کر 1.09 فیصد تک پہونچ گئی ہے ۔ گذشتہ 22 دن سے مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے ۔ 19 نومبر کو 39,448 کورونا ٹسٹ کیے گئے جس میں 894 پازیٹیو کیسیس درج ہوئے 10 دسمبر کو 56,178 کورونا ٹسٹ کئے گئے جس میں 612 پازیٹیو کیسیس درج ہوئے ۔ رپورٹ میں محکمہ صحت نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے بعد کورونا کے پازیٹیو کیسیس بڑھ جانے کی توقع کی گئی تھی ۔ لیکن کیسیس کی تعداد بڑھی نہیں ہے بلکہ گھٹی ہے ۔ ریاست میں کورونا وائرس پوری طرح کنٹرول میں ہے ۔ صرف 22 دن میں کورونا کیسیس کی تعداد تقریبا نصف فیصد گھٹ گئی ہے ۔ ملک بھر میں کورونا کے واقعات میں کمی آرہی ہے یہی صورتحال تلنگانہ میں بھی دیکھی جارہی ہے ۔ حکومت نے ریاست کے ہر ضلع کے حساب سے ریاست بھر میں 300 موبائل ٹسٹنگس گاڑیوں کا انتظام کیا ہے ۔ یہ گاڑیاں زیادہ بھیڑ والے علاقے ، ماکٹس ، ریتو بازار ، آٹو اسٹانڈس ، تجارتی سرگرمیاں والے علاقے ، خانگی و سرکاری دفاتر کے علاوہ دوسرے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے کورونا ٹسٹ کرنے کی انہیں ہدایت دی گئی ہے ۔ تاہم رپورٹ میں بتایا گیا یہ پوری طرح کام نہیں کررہے ہیں ۔ انہیں ہر دن 18,350 کورونا ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ لیکن صرف 1950 ٹسٹ کئے جارہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں 28 موبائل ٹسٹنگ گاڑیوں کا اہتمام کیا گیا ہے اور انہیں روزانہ 2800 ٹسٹ کرنے کا نشانہ دیا گیا ہے ۔ مگر روزانہ 100 ٹسٹ ہی کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ صحت نے حکومت کو پیش کردہ رپورٹ میں بتایا کہ ریاست میں خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس کے خلاف کورونا علاج سے متعلق 1409 شکایتیں وصول ہوئی ہیں ۔ جن کے خلاف تحقیقات کرائی گئی ہے ۔ ہاسپٹل کو پہونچکر ریکارڈس کی جانچ کی گئی ۔ جو بھی شکایتیں وصول ہوئی ہیں ان میں 277 شکایتیں زیادہ بلز وصول کرنے سے متعلق تھیں ۔ جن کی ضلعی سطح پر فہرست تیار کرتے ہوئے تحقیقات کی گئی ۔ جملہ 160 ہاسپٹلس کے خلاف وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ۔ ابتداء میں 2 ہاسپٹلس کے خلاف کارروائی گئی بعد میں دباؤ پڑنے کے بعد صرف وجہ نمائی کارروائی تک اکتفا کیا گیا ۔۔