تلنگانہ میں ’ ہوم ووٹنگ ‘ کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے وکاس راج کی ہدایت

   

27 لاکھ فوٹو شناختی کارڈز کی تقسیم مکمل،2.2 کروڑ ووٹر انفارمیشن سلپ رائے دہندوں میں جاری کئے گئے
حیدرآباد۔/22نومبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کمشنر جی ایچ ایم سی و ضلع الیکشن آفیسر کے علاوہ حیدرآباد کے انتخابی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار اور جائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد ویڈیو کانفرنس میں شریک تھے۔ وکاس راج نے عہدیداروں سے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو پیش کی جانے والی رپورٹس مقررہ مدت کے دوران روانہ کردی جائیں۔ یہ رپورٹس چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر میں بھی جمع کی جائیں تاکہ الیکشن کمیشن کو روانگی میں مدد ملے گی۔ وکاس راج نے حیدرآباد ضلع میں گھر پر رائے دہی کی سہولت کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ میں پہلی بار 80 سال سے زائد عمر کے رائے دہندوں اور معذورین کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے بجائے وہ اپنے گھر پر ووٹ کا حق استعمال کرسکتے ہیں۔ ریاست بھر میں اس عمل کا آغاز ہوچکا ہے۔ ’ ہوم ووٹنگ‘ کے شیڈول سے تمام سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا ہے۔ ہوم ووٹنگ کے سلسلہ میں عہدیداروں کو موثر تربیت دی گئی اور مکمل شفافیت اور رازداری کے ساتھ یہ عمل جاری ہے جس کی مکمل ویڈیو گرافی کی جارہی ہے۔ وکاس راج نے ہوم ووٹنگ سے متعلق تمام تفصیلات روزانہ کی اساس پر سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کو واقف کرانے کی ہدایت دی جس میں ووٹنگ میں حصہ لینے والے رائے دہندوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات شامل رہیں گی۔ وکاس راج نے ضلع الیکٹورل آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ ہوم ووٹنگ میں باقی رائے دہندوں کی تفصیلات پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی روزانہ تفصیلات جاری کی جائیں۔ وکاس راج نے بتایا کہ کئی اضلاع میں آج ’ ہوم ووٹنگ‘ کے عمل کا آغاز ہوا ہے۔26 نومبر تک ہوم ووٹنگ کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ گھر پر رائے دہی میں حصہ لینے والے افراد نے مسرت کا اظہار کیا اور الیکشن کمیشن کے انتظامات کی ستائش کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے انتخابی ڈیوٹی پر موجود عہدیداروں کی رائے دہی کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تنازعہ کے بغیر یہ عمل مکمل کیا جائے۔ انتخابی ڈیوٹی پر موجود عہدیداروں کیلئے پہلی مرتبہ رائے دہی کی تاریخ سے قبل ووٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ تمام اضلاع میں اس سلسلہ میں جو مراکز قائم کئے گئے ہیں ان کی تفصیلات طلب کی گئیں۔ سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کو بھی اس عمل سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ وکاس راج نے ضلع الیکشن آفیسرس سے کہا کہ پوسٹل بیالٹ اور ای وی ایم بیالٹ پیپرس کی مناسب جانچ کریں اور الیکشن کمیشن کے قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے۔ تمام بیالٹ پیپرس کو مناسب نگرانی میں رکھا جائے جس کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی سے قبل تک ووٹر انفارمیشن سلپ کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 43.96 لاکھ EPIC ( ووٹر شناختی کارڈز )کی ضرورت ہے جن میں سے 40.72 لاکھ کی پرنٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔ تاحال 27 لاکھ ووٹر شناختی کارڈز ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ کے ذریعہ رائے دہندوں میں تقسیم کئے گئے باقی آئندہ پانچ دنوں میں تقسیم کردیئے جائیں گے۔ آبزرورس کی موجودگی میں پولنگ اسٹاف کی ڈیوٹی الاٹمنٹ کا عمل مکمل کیا گیا۔ ہر ضلع میں مناسب تعداد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی موجودگی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور 23 اور 24 نومبر کو سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں تنصیب کا عمل شروع ہوگا۔ای سی آئی ایل کے انجینئرس کو ہر ضلع میں متعین کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی خرابی کی صورت میں درست کیا جاسکے۔ وکاس راج نے بتایا کہ تلنگانہ میں جملہ 3.26 کروڑ ووٹر انفارمیشن سلپس کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا جن میں سے تاحال 2.20 کروڑ ووٹر انفارمیشن سلپ تقسیم کردیئے گئے، باقی دو دنوں میں عہدیدار تقسیم کا عمل مکمل کرلیں گے۔ وکاس راج نے ضلع الیکشن آفیسرس کو ماڈل پولنگ اسٹیشنوں کے قیام سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی سرگرمیوں کے بارے میں عوام کو باخبر رکھا جائے تاکہ وہ رائے دہی میں حصہ لیں۔