تلنگانہ میں 25 ستمبر تک کیلئے زرد الرٹ

   

شہر اور اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بھر میں 23تا25 ستمبر موسلادھار بارش کے امکانات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے زرد الرٹ جاری کرکے متعلقہ محکمہ جات کو چوکسی اختیار کرنے کی تاکید کی ہے۔گذشتہ دو یوم سے شہر کے علاوہ بیشتر اضلاع میں جاری بارشوں کے دوران کہاگیا کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد و بیشتر اضلاع میں آئندہ دو یوم موسلادھار بارش کا امکان ہے اور اتوار کی شب سے بارش شروع ہوسکتی ہے۔ تمام اضلاع میں مطلع ابرآلود ہونے کے علاوہ بارشوں کے نتیجہ میں عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی اور کہا گیا کہ آئندہ دو یوم میں بارش سے قبل موسم میں شدت کے سبب رطوبت میں اضافہ ہو رہاہے اور گرمی بھی بڑھی ہے ۔ گذشتہ یوم دونوں شہروں کے علاوہ دیگر اضلاع میں بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں اور شہر میں سب سے زیادہ گولکنڈہ علاقہ میں 103.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دونوں شہروں میں مجموعی طور پر 91.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ خانگی ماہرین کے مطابق ماہ ستمبر کے آخری ہفتہ میں بھی بیشتر اضلاع کو موسلادھار بارشوں کا سامنا رہے گا اور بعض اضلاع میں سیلاب کی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے کیونکہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں ریاست بھر میں بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے ۔ توقع ہے کہ یہ سلسلہ یکم اکٹوبر تک جاری رہے گا اور ماہرین کے مطابق اگر موسم میں تبدیلی رونما نہیں ہوتی ہے تو اضلاع اور دونوں شہروں کے علاقوں میں یکم اکٹوبر کے بعدبھی مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔3

بجلی گرنے سے ایک خاتون ہلاک اور ایک زخمی
حیدرآباد : /22 ستمبر (سیاست نیوز) ناگر کرنول میں بجلی گرنے سے خاتون ہلاک ہوگئی اور ایک شدید زخمی ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق بجناپلی علاقہ کے ممائی پلی میں نیلماں 35 سالہ اور اس کی بہن ناگیندرما بھینس چرانے گئی تھی ۔ تیز بارش ہوئی اور بجلی گری ۔ بجلی گرنے سے 35 سالہ نیلماں موقع پر ہی ہلاک ہوگئی اور اس کی بہن ناگیندرما شدید زخمی ہوگئی ۔ (ش)