36 اسلحہ اور 1007 کارتوس حوالے کئے گئے ۔ ڈی جی پی شیودھر ریڈی کی میڈیا سے بات چیت
حیدرآباد۔ 10 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس کے روبرو آج سی پی آئی ماؤسٹ کے جملہ 42 کیڈر نے ہتھیار ڈال دیئے جن میں عوامی آزادی گوریلا فوج اور تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی ارکان شامل تھے ۔ انہوں نے 36 اسلحہ جس میں 1007کارتوس ، دو دیسی ہینڈ گرینیڈ اور 800 گرام سونا بھی سپرد کر دیا۔ خودسپرد ہونے والوں میں 47 سالہ سودی ملا عرف کیشل عرف نکھل شامل ہیں، جو بٹالین کمانڈر اور دانڈاکرنیا اسپیشل زونل کمیٹی کا رکن تھا۔ اسی طرح 40 سالہ چھاپا نارائنہ عرف گجیندر عرف مدھو، تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی کے رکن اور فوجی سربراہ اور 40 سالہ کڑتی سنو عرف منتھو، جو ڈویژنل کمیٹی کے رکن تھا بھی شامل ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی نے بتایا کہ خودسپرد کیڈرس میں پی ایل جی اے بٹالین، تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی اور دانڈاکرنیا اسپیشل زونل کمیٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ جملہ 42 میں سے 21 پی ایل جی اے بٹالین سے، 11 تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی سے اور 10 دانڈاکرنیا اسپیشل زونل کمیٹی سے وابستہ ہیں۔ پولیس کو حوالے کردہ ہتھیاروں میں اے کے 47 رائفلز، ایس ایل آر، انساس رائفلز، 303 رائفلز، 9 ایم ایم اسٹین گن، پستول، ریوالور اور دیگر اسلحہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خودسپرد ماؤسٹ تنظیم کی مسلح صلاحیتوں کو کمزور کرنے کا باعث بنا ہے۔ ڈی جی پی کہا کہ تلنگانہ میں کوئی فعال مسلح تنظیم باقی نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی کے باقی ماؤسٹ کے خودسپرد کے ساتھ سی پی آئی (ماؤسٹ) کی ریاستی سطح پر تنظیم کی شناخت مکمل ختم ہو گئی ہے اور ریاست میں اس گروپ کی کوئی فعال مسلح تشکیل باقی نہیں رہی۔ڈی جی پی نے بتایا کہ بحالی پالیسی کے تحت درجہ بندی کے مطابق خودسپرد کیڈرس کو ایک لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک مالی امداد دی جائے گی۔ پولیس نے بتایا کہ 42 افراد کو کل 1.93 کروڑ روپے کا انعام تقسیم کیا جائے گا۔ چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والوں کو 25 ہزار روپے کی عارضی امداد دی گئی ہے، جبکہ تلنگانہ کے ایک کیڈر کو مناسب رقم مل چکی ہے۔ خود سپرد شدگان کو صحت کی سہولیات اور معاشرے میں دوبارہ انضمام کی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ ڈی جی پی نے اسپیشل انٹلی جنس برانچ (ایس آئی بی) اور دیگر یونٹس کی کاوشوں کی ستائش کی۔ ب ؍ f/y