تلنگانہ میں 7 برسوں میں زائد از 80 ہزار کروڑ وظیفہ کی رقم جاری

   

سبکدوش ملازمین کو ماہانہ اوسطاً 33,539 روپئے کی اجرائی

حیدرآباد۔21۔جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے گذشتہ 7 برسوں کے دوران 80ہزار 2کروڑ روپئے بطور وظیفہ ادا کئے ہیں اور تلنگانہ میں مجموعی طور پر وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ملازمین کو اوسطاً 33 ہزار 539 روپئے ماہانہ وظیفہ جاری کیا جا تا ہے۔ قانو ن حق آگہی کے تحت جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ریاست میں کم سے کم جو وظیفہ جاری کیا جاتا ہے وہ 9ہزار500 روپئے ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ وظیفہ کی رقم 1لاکھ 3ہزار 834 روپئے ہے ۔ مالی سال 2021-22 کے دوران 13ہزار 966 کروڑ روپئے سرکاری ملازمین کو بطور وظیفہ جاری کئے گئے ہیں۔ ریاست میں 2لاکھ 63 ہزار 204وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے ملازمین ہیں جنہیں وظائف کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ وظیفہ حاصل کرنے والے ملازمین کی مجموعی تعداد مئی 2022 تک متوفی ملازمین اور دیگر تفصیلات کے حصول کے بعد کی ہے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد یعنی سال2014کے بعد سے اب تک جملہ 59ہزار 46 ملازمین وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوئے ہیں۔قانون حق آگہی کے تحت داخل کی گئی درخواست کے جواب میں دی گئی تفصیلات کے مطابق سال 2015-16کے دوران 9 ہزار 463 کروڑ روپئے جاری کئے گئے جبکہ سال 2016-17کے دوران10 ہزار245 کروڑ روپئے وظائف کے طور پر جاری کئے گئے ہیں۔ 2017-18کے دوران 11ہزار424کروڑ روپئے جاری کئے گئے تھے اور 2018-19 کے دوران حکومت نے 11ہزار557کروڑ روپئے وظائف کے لئے جاری کئے۔ مالی سال 2019-20کے دوران حکومت نے 11ہزار453کروڑ روپئے بطور وظیفہ جاری کئے ہیں۔ 2020-21میں حکومت تلنگانہ نے وظیفہ کے طور پر جملہ 11ہزار 453 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کے پاس 3لاکھ 78ہزار 117 آسرا وظائف کی درخواستیں زیر التواء ہیں جن کی آئندہ ماہ یکسوئی کی توقع کی جا رہی ہے۔