خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی ۔ درجہ حرارت میں گراوٹ
حیدرآباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث تلنگانہ اور آندھراپردیش کے بیشتر اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے اور دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں آج صبح کی اولین ساعتوں سے ہی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ کئی علاقوں بشمول بیگم پیٹ‘ سکندرآباد‘ لنگم پلی ‘ جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز‘ تارناکہ ‘ امیر پیٹ ‘ نارائن گوڑہ‘ خیریت آباد‘ نامپلی ‘ عابڈس اور پرانے شہر میں ہلکی بونداباندی جاری رہی ۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق تلنگانہ میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران موسم میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کے امکان نہیں ہیں اور اسی طرح کا موسم برقرار رہے گا۔دونو ںشہروں میں کل سے ہی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے اور چہارشنبہ کو اعظم ترین درجہ حرارت 22 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ آئی جو کہ 12تا14 ڈگری رہی ۔اسی طرح جمعرات کو بھی دن بھر شہر میں درجہ حرارت 22 ڈگری سے تجاوز نہیں کیا اور کئی مقامات پر وقفہ وقفہ سے بارشوں کے نتیجہ میں موسم میں خنکی دیکھی گئی ۔شہر کے علاوہ کئی اضلاع میں موسم کی یہی صورتحال ریکارڈ کی گئی ہے اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں محکمہ موسمیات سے مچھیروں کیلئے انتباہ جاری کرکے انہیں سمندر میں نہ جانے کی تاکید کی گئی ۔ پڑوسی آندھراپردیش میں بھی آئندہ 4یوم کے دوران ساحلی اضلاع میں مسلسل بارش کے امکان ظاہر کئے جا رہے ہیں۔شہر حیدرآباد میں موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں بچوں اور ضعیف العمر شہریوں کو وبائی امراض میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور اس موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں وہ سردی ‘ بخار ‘ کھانسی اور دیگر وبائی امراض کا شکار ہوتے ہوئے ڈاکٹرس سے رجوع ہونے لگے ہیں اور ڈاکٹرس کا کہناہے کہ اس طرح کے موسم میں کمزور قوت مدافعت کا شکار افراد وبائی امراض کا شکار ہوتے ہیں جو کہ معمول کی بات ہے۔3