تلنگانہ کا میوری نرسری پارک دیگر پارکس سے مختلف ،رین فارسٹ کا نظم،365 دن مصنوعی بارش اور مصنوعی آبشار

   

حیدرآباد، 18 ؍ جنوری (یواین آئی) تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے میوری پارک میں کچھ خاص ہے جو اس کی طرف لوگوں کو راغب کرتا ہے ۔جی ہاں! اس میں ایسی کیا بات ہے جو لوگوں کی کشش کا سبب ہے ۔مصنوعی بارش ،مصنوعی آبشار،سرسبزی وشادابی،تتلی نما چمن،روز گارڈن،لینڈ اسکیپ گارڈن،ہربل گارڈن ، ہرتیکاونم / نکشتر ونم/راسی ونم ،کڈس زون ،آو ٹ ڈور جم، فلیگ پوائنٹ اور دیگر سہولیات اور خصوصیات لوگوں کو اس پارک کی سمت کھینچ رہی ہیں اور یہ پارک لوگوں میں مقبول ہورہا ہے ۔ ضلع کلکٹر محبوب نگر رونالڈروز کے مطابق میوری نرسری پارک کو ریاست تلنگانہ کا مثالی اور معیاری پارک بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رونالڈروز نے کہاکہ مصنوعی برسات کی وجہ سے جنگلات میں سرسبزی وشادابی رہتی ہے ۔ رین فارسٹ کے ذریعہ کیرل اور کرناٹک میں سرسبز وشادابی کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ اسی طرز پر وہاں سے پودے میوری پارک لائے گئے ہیں اور 8.5 ایکڑ پر لگائے گئے ہیں۔ پودوں کی دیکھ بھال کے لئے وہاں کے تربیت یافتہ اہل کاروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میوری پارک تلنگانہ کا واحد پارک ہے جہاں رین فارسٹ پر عمل کیا جارہا ہے ۔ سال کے 365 دن بارش ہوگی اور یہ علاقہ ہرا بھرا رہے گا۔اسی طرح مصنوعی آبشار کا بھی نظم کیا گیا ہے ۔ آبشار کو موسم باراں کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ہرموسم میں یہ آبشار جاری رہے گا۔ سائیکلنگ سسٹم کی بنیاد پر آبشار کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔