تلنگانہ کو 2800 الیکٹرک بسیں الاٹ کرنے مرکز سے نمائندگی

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی مرکزی وزراء سے ملاقاتیں
حیدرآباد 17جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگا پور روانگی سے قبل نئی دہلی میں تین مرکزی وزراء سے ملاقات کی اور زیر التوا پراجکٹس پر نمائندگی کی۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر جنگلات و ماحولیات بھوپیندر یادو، وزیر بھاری مصنوعات ایچ ڈی کمارا سوامی اور مملکتی وزیر بھاری صنعت بھوپتی راجو سرینواس ورما سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر نے ایچ ڈی کمارا سوامی کو بتایا کہ حیدرآباد میں تمام بسوں کو الیکٹرک ماڈل میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ جی سی سی کے تحت تلنگانہ کو الیکٹرک بسیں الاٹ کی جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ڈیزل سے چلنے والی بسوں کی جگہ الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا اور مرکز کو حیدرآباد کیلئے 2800 بسیں الاٹ کرنی چاہئے ۔ مرکزی وزیر نے الیکٹرک بسوں کی منظوری پر غور کا تیقن دیا ۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، اتم کمار ریڈی اور پی سرینواس ریڈی موجود تھے ۔ وزیر جنگلات و ماحولیات سے چیف منسٹر نے 38 پراجکٹس کی منظوری کی درخواست کی جو وائیلڈ لائیف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت زیر التواء ہے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ کے 161 پراجکٹس کو مرکزی حکومت سے ماحولیاتی منظوری درکار ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جنگلاتی علاقوں میں ترقیاتی پراجکٹس کے آغاز کیلئے منظوری ضروری ہے۔1