30 لاکھ نوجوانوں کو دھوکہ، آئندہ ہفتہ پرینکا گاندھی کا دورہ، محبوب نگر میں ریلی اور جلسہ عام سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/30اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے حصول کیلئے نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دی لیکن تلنگانہ کا اقتدار کے سی آر خاندان تک محدود ہوگیا۔ ریونت ریڈی آج محبوب نگر میں بیروزگار نوجوانوں کی ایک بڑی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کے سی آر پر بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کا لالچ دے کر تلنگانہ تحریک میں شامل کیا گیا۔ نوجوانوں نے اپنی جانوں کو قربان کردیا اس امید سے کہ نئی ریاست میں ان کے خاندانوں میں سرکاری روزگار ملے گا لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے ساتھ ہی کے سی آر خاندان کے تمام ارکان کو سیاسی روزگار حاصل ہوا لیکن بیروزگار نوجوان محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ بیروزگار نوجوانوں کو بیروزگاری الاؤنس کا اعلان کیا گیا تھا اورہر نوجوان کو کے سی آر حکومت ایک لاکھ 60 ہزار روپئے باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ تشکیل دیا تاکہ عوام کی بھلائی ہو لیکن کے سی آر نے ترقی اور بھلائی کو صرف اپنے خاندان تک محدود کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 2009 میں کے سی آر نے محبوب نگر سے مقابلہ کیا اور عوام نے انہیں لوک سبھا کیلئے منتخب کیا لیکن ضلع کے ساتھ کئے گئے وعدے فراموش کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2001 میں ٹی آر ایس کے قیام کا مقصد تلنگانہ کے نام پر اقتدار حاصل کرنا تھا۔ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کی تشکیل میں تاخیر پر کے سی آر نے کانگریس لیڈر جانا ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر جائنٹ ایکشن کمیٹی قائم کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل کرنے کے بعد کے سی آر نے صرف اپنے ارکان خاندان کی بھلائی پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کا نام لینے والے کے سی آر کو جواب دینا ہوگا کہ وزارت میں مالا اور مادیگا طبقات کی نمائندگی کتنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادیگا طبقہ وزارت میں شامل نہیں کیا گیا۔ ریاست میں 2 لاکھ مخلوعہ جائیدادوں کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ نئے سال میں نئی حکومت کانگریس کی ہوگی اور اندرون ایک سال تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے احتجاج کے بعد 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا گیا لیکن امتحانی پرچہ جات کے افشاء نے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی، انٹر میڈیٹ اور گروپ I امتحانات کے پرچہ جات کا افشاء ہوا ہے جس کے لئے کے ٹی راما راؤ راست طور پر ذمہ دار ہیں۔ کے ٹی آر کی وزارت سے برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے بیروزگار نوجوانوں کو انصاف صرف کانگریس کے برسراقتدار آنے پر مل سکتا ہے۔ انہوں نے محبوب نگر کی عوام سے اپیل کی کہ ضلع کی تمام 14 اسمبلی نشستوں پر کانگریس پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتہ میں کانگریس قائد پرینکا گاندھی حیدرآباد کے سرور نگر میں بیروزگار نوجوانوں کے جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کی جدوجہد میں پرینکا گاندھی شامل ہوں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سرور نگر کے جلسہ عام میں بھاری تعداد میں شرکت کریں۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، ڈاکٹر چنا ریڈی، ڈاکٹر ملوروی، راملو نائیک اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ر