چیف منسٹر نے جلسہ کا اعلان نہیں کیا، وزیر سیاحت ٹی سرینواس گوڑ کی وضاحت
حیدرآباد۔27 ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاست میں 30جنوری کو سی اے اے ‘ سی اے بی اور این پی آر کے خلاف جلسہ کے متعلق مسٹر سرینواس گوڑ ریاستی وزیر سیاحت نے کہا کہ ایسی کوئی بات چیف منسٹر نے نہیں کہی لیکن تلنگانہ راشٹر سمیتی اس قانون کے خلاف ہے جو دستور کو مسخ کرنے کا موجب ہے۔ وزیر سیاحت نے کہا کہ قانون ترمیم شہریت کے سلسلہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کا واضح موقف ہے اور این آر سی اور این پی آر کے متعلق حکومت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اس کے باوجود تلنگانہ پر امن ہے جبکہ ملک کی بیشتر تمام ریاستوں میں اس قانون کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو بی جے پی مذہبی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ریاستی حکومت کی جانب سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کی ہر گوشہ سے سراہنا کی جانے لگی ہے۔ مسٹر سرینواس گوڑنے کہا کہ ریاست میں مجوزہ بلدی انتخابات کے پیش نظر حکومت کسی کو بھی مذہبی منافرت پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی اور نہ ہی اس بات کی اجازت دی جائے گی کہ ریاست کا امن و ضبط متاثر ہو۔ ریاستی وزیر سیاحت نے کہا کہ ٹی آرایس کے مخالفین بلدی انتخابات میں عوام کے درمیان پہنچنے کے موقف میں نہیں ہیں اسی لئے وہ اس قانون کو مذہبی رنگ دیتے ہوئے عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہو ںنے کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے عوامی جذبات کا استحصال کیا جا ر ہاہے ۔