تلنگانہ کی ترقی صرف کانگریس سے ہی ممکن،کانگریس امیدوار صنعت نگر کے نیلیما کی حلقہ کے عوام سے ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی حقیقی ترقی اور عوام کی خوشحال زندگی صرف کانگریس سے ممکن ہے ۔ صنعت نگر حلقہ کی کانگریس امیدوار محترمہ ڈاکٹر کوٹا نیلیما نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے آج بنسی لعل پیٹ ڈیویژن میں گھر گھر انتخابی مہم کے تحت عوام سے ملاقات کی اور مقامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر نیلیما نے بنسی لعل پیٹ عوام کے استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور صنعت نگر سے کانگریس کو کامیاب بنانے کی درخواست کی ۔ ڈاکٹر نیلیما نے کہا کہ وہ عوام کے لیے ہمیشہ ان کے درمیان دستیاب رہیں گی ۔ انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور بی آر ایس امیدوار پر عوامی مسائل کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ عوامی خوشحال پر توجہ دینے کے بجائے صرف اپنی خوشحالی اور ترقی کو اہمیت دیتے ہوئے حلقہ کو پسماندہ بنادیا گیا ۔ انہوں نے عوام کو اس بات کا یقین دلایا کہ وہ عوام کی بھر پور انداز میں اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے عوامی اعتماد کو برقرار رکھیں گی اور حلقہ کی ترقی کیلئے دن رات جدوجہد کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جب کانگریس کا اقتدار تھا ہر گھر میں خوشی اور سرکاری اسکیمات کی رسائی تھی لیکن ان 9 سالہ دور حکومت میں بی جے پی نے مرکز اور بی آر ایس نے تلنگانہ عوام کے جذبات سے صرف کھلواڑ کیا اور جذباتی نعرے اور بیانات کے ذریعہ عوامی ترقی اور خوشحالی کو نظر انداز کردیا ۔۔ ع