تلنگانہ کی جیلوں میں حاملہ خواتین

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر کے ایک جہدکار کریم انصاری کی جانب سے داخل کردہ ایک آر ٹی آئی میں انکشاف ہوا کہ 2018 سے تلنگانہ کی جیلوں میں 82 حاملہ خواتین کو رکھا گیا ہے ان میں صرف ایک خاتون 2019 میں فوت ہوگئی ۔ 10 اکٹوبر 2023 کے آر ٹی آئی کے جواب میں محکمہ محابس نے بتایا کہ قیدیوں کو میڈیکل آفیسر کی نگرانی میں گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل میں علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔ محکمہ نے مزید کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلت کے سائیکالوجسٹس پندرہ دن میں ایک مرتبہ جیل کا دورہ کرتے ہیں ۔ حاملہ خواتین کو فراہم کی جانے والی تغذیہ بخش غذا سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا گیا کہ قیدیوں کو متوازن غذا فراہم کی جارہی ہے بشمول روٹی ، انڈے ، موز اور دودھ ۔ محکمہ نے مزید انکشاف کیا کہ زیر دوران مقدمہ کی ایک خاتون قیدی کی 22 اکٹوبر 2019 کو سنٹرل پریزن ، سنگاریڈی میں موت ہوگئی ۔ اس مسئلہ پر بات کرتے ہوئے انصاری نے کہا کہ سنٹرل پریزن میں ایک گائناکالوجسٹ کو مقرر کیا جانا چاہئے تاکہ ان خواتین کو درپیش ہونے والے مسائل پر توجہ دی جاسکے ۔۔