تلنگانہ کی 6 اور اے پی کی 3 کونسل نشستوں کے چناؤ شیڈول جاری

   

Ferty9 Clinic

۔ 9 نومبرسے پرچہ نامزدگی کا ادخال، تلنگانہ میں ٹی آر ایس امیدواروں کے متفقہ انتخاب کا امکان
حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ایم ایل اے کوٹہ کی 9 ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ یہ انتخابات مقررہ وقت کے مطابق مئی میں منعقد ہونے تھے لیکن کورونا کی دوسری لہر کے باعث انہیں ملتوی کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کیا جس کے مطابق 9 نومبر کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور اسی دن سے پرچہ جات نامزدگی قبول کئے جائیں گے۔ 16نومبر کو پرچہ جات نامزدگی کی آخری تاریخ ہوگی جبکہ 17 نومبر کو جانچ کی جائے گی۔ 22 نومبر تک پرچہ جات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 29 نومبر کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی اور شام 5 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا اور نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے یکم ڈسمبر سے قبل انتخابی عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے 6 ارکان کی میعاد 3 جون کو ختم ہوگئی جن میں سابق صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی، نائب صدرنشین این ودیا ساگر، کے سری ہری، محمد فرید الدین، اے للیتا اور بی وینکٹیشورلو شامل ہیں۔ ان تمام کا تعلق برسراقتدار ٹی آر ایس سے ہے۔ آندھرا پردیش کے تین ارکان کونسل کی میعاد 31 مئی کو ختم ہوگئی جن میں سی گووند ریڈی، محمد شریف اور سومو وی راجو شامل ہیں۔ تلنگانہ میں چونکہ ٹی آر ایس کو اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے لہذا تمام 6 نشستوں پر متفقہ انتخاب کا امکان ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال سے دستبرداری کی آخری تاریخ 22 نومبر کو متفقہ انتخاب کا اعلان کردیا جائے گا کیونکہ رائے دہی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کانگریس کے پاس مقابلہ کیلئے درکار ارکان کی تعداد نہیں ہے۔ توقع ہے کہ آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی ٹی آر ایس قائدین کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔جن چھ ارکان کی میعاد ختم ہوچکی ہے ان میں سے بعض دوبارہ نامزدگی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ جی سکھیندر ریڈی، کڈیم سری ہری اور بی وینکٹیشورلو کو دوبارہ موقع دیا جائے گا۔ 6 نشستوں میں ایک مسلم قائد کو کونسل کی نمائندگی دی جاسکتی ہے۔ر