3,4,5 اکٹوبر کو سنٹرل الیکشن کمیشن کی ٹیم کا دورہ ‘ 4 اکٹوبر کو قطعی ووٹرلسٹ جاری ہوگی، تمام سیاسی جماعتیں انتخابی تیاریوں میں مصروف
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ آئندہ ماہ 3 ۔ 4 ۔ 5 اکٹوبر کو سنٹرل الیکشن کی ٹیم ریاست کا دورہ کرکے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لے گی۔ تلنگانہ چیف الکٹورل آفیسر وکاس راس نے آج بی آر بھون میں میڈیا سنٹرس کا افتتاح کیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں آئندہ دو تا تین ماہ میں اسمبلی انتخابات ہونگے۔ الیکشن کمیشن سے تمام تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے علاوہ اضلاع میں عہدیداروں میں شعور بیداری کی جارہی ہے۔ ریاست میں 15 لاکھ نئے ووٹرس کا اضافہ ہوا ہے۔ ان میں نوجوان اور خواتین کی اکثریت ہیں۔ 6.99 لاکھ نوجوان ووٹر لسٹ میں نام درج کروا چکے ہیں ۔ خواتین ووٹوں کے تناسب میں اضافہ کرنے خصوصی اقدام کئے جارہے ہیں۔ وکاس راج نے کہا کہ ریاست میں منصفانہ انتخابات کرانے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ لا اینڈ آرڈر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ریاست میں حساس پولنگ مراکز کی نشاندہی کرکے سیکوریٹی کے خصوصی انتظام کئے جارہے ہیں۔ 3 تا 5 اکٹوبر سنٹرل الیکشن کی ٹیم ریاست کا دورہ کرے گی۔ تین دن کے اجلاس اور ووٹرلسٹ تیاری کا جائزہ دیگر امور کی انجام دہی کیلئے شیڈول تیارکرلیا گیا ہے، جس میں ووٹنگ مشینوں کی تنقیح، قطعی ووٹر لسٹ اجرائی، اضلاع میں انتخابی عملہ کی تربیت، انتخابات کیلئے ایجنسیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائیگا۔ مرکز اور ریاست کے حدود میں 20 انفورسمنٹ ایجنسیاں کام کرینگی ۔ تلنگانہ میں شیڈول کے مطابق انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ جی ایچ ایم سی حدود میں پتہ کی تبدیلی کیلئے درخواستیں ملیں جن کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ وکاس راج نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنیاد پر ووٹرلسٹ سے کئی ووٹوں کو خارج کردیا گیا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ سنٹرل الیکشن کمیشن کی ٹیم کے دورہ کے بعد 6 تا 10 اکٹوبر انتخابی شیڈول اجرائی کے امکانات ہیں۔ 5 سال قبل چیف منسٹر کے سی آر نے قبل از وقت انتخابات کیلئے اسمبلی کو تحلیل کردیا تھا جس کے بعد انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے 6 اکٹوبر 2018ء کو انتخابی شیڈول جاری کیا تھا۔ 7 ڈسمبر کو پولنگ ہوئی تھی اور تمام ارکان اسمبلی نے 17 جنوری 2019ء کو حلف لیا تھا۔ اس تناظر میں توقع کی جارہی ہیکہ اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں شیڈول جاری ہوگا اور جنوری کے پہلے ہفتہ میں پولنگ ہوگی۔ تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ بی آر ایس نے 115 امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ کانگریس نے بھی امیدواروں کو تقریباً قطعیت دے دی ہے۔ جاریہ ماہ ستمبر کے اواخر یا آئندہ ماہ اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں پہلی فہرست جاری ہونے کے امکانات ہیں۔ وزیراعظم مودی 30 ستمبر کو تلنگانہ کے دورہ پر آرہے ہیں۔ اس کے بعد بی جے پی کی فہرست جاری ہونے کا امکان ہے۔ بی جے پی نے مقابلہ کرنے کے خواہشمندوں سے درخواستیں وصول کی ہیں تاہم ابھی تک امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دئے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ ۔ن