تلنگانہ کے خانگی اسکولس ٹیچرس سے پروفیشنل ٹیکس وصول کرنے کے احکامات

   

غفلت پر ڈی ای اوز کے خلاف کارروائی ہوگی ، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس کا اعلان
حیدرآباد : /6 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پرائیویٹ اسکولس کے اساتذہ اور عملے کی تنخواہوں سے پروفیشنل ٹیکس ایڈوانس میں کاٹنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ جبکہ اس معاملہ میں غفلت برتنے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس (ڈی ای اوز) کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی انتباہ دیا گیا ہے ۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس نے اس سلسلے میں احکامات جاری کئے ہیں ۔ محکمہ تعلیم ریاست کے خانگی اسکولس میں کام کرنے والے اساتذہ اور عملہ سے پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کے معاملہ میں سنجیدہ اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پروفیشنل ٹیکس ایکٹ 1987 ء کے تحت ریاست بھر کے ہر ملازم سے یہ ٹیکس وصول کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ پرائیویٹ اسکول انتظامیہ اپنے عملہ کو تنخواہیں ادا کرنے سے قبل پروفیشنل ٹیکس کاٹیں اور وصول کی گئی رقم حکومت کے خزانے میں جمع کرائے ۔ اس عمل کی نگرانی کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس پر عائد کی گئی ہے ۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس نے ہدایت دی ہے کہ اپنے اپنے اضلاع کے خانگی اسکولس میں پروفیشنل ٹیکس کے نفاذ کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ کہ اس سے قبل جاری کردہ جی او 610 اور جی او 497 کے مطابق قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے اور وصول کی گئی رقم حکومت کے پاس جمع کرائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرائیویٹ اسکولس سے پروفیشنل ٹیکس کی وصولی میں کسی قسم کی بھی لاپرواہی اور غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط پر عمل کرنے نہ کرنے والے متعلقہ عہدیداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ 2