تلنگانہ کے دو گریجویٹ ایم ایل سی انتخابی حلقوں کی مسودہ ووٹر لسٹ جاری

   

حیدرآباد۔ 25 نومبر (یواین آئی) تلنگانہ کے چیف الیکشن آفیسر سی سدرشن ریڈی نے 2027 میں ہونے والے قانون ساز کونسل کے دو سالہ انتخابات سے قبل چہارشنبہ کے روز محبوب نگر۔رنگاریڈی۔حیدرآباد اور ورنگل۔ کھمم۔ نلگنڈہ گریجویٹ انتخابی حلقوں کی مسودہ ووٹر فہرست جاری کردی۔ دونوں انتخابی حلقوں کی مسودہ ووٹر فہرست میں مجموعی طور پر 11,89,191 اہل ووٹروں کے نام شامل ہیں۔ ان میں سے 5,68,105 ووٹر محبوب نگر۔رنگاریڈی۔حیدرآباد انتخابی حلقے سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ 6,21,086 ووٹر ورنگل۔کھمم ۔ نلگنڈہ انتخابی حلقے کے ہیں۔ عوامی جانچ اور تصدیق کے لیے یہ مسودہ فہرستیں چیف الیکشن آفیسر کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مدت 25 نومبر سے 10 ڈسمبر 2026 تک مقرر کی گئی ہے ۔ ایسے اہل گریجویٹ جن کے نام مسودہ ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہیں، وہ اس مدت کے دوران فارم 18 کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ درخواست دہندگان کے لیے ہندوستانی شہری ہونا، متعلقہ انتخابی حلقے کا رہائشی ہونا اور یکم نومبر 2026 سے کم از کم تین سال قبل کسی یونیورسٹی سے ڈگری یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت حاصل کرنا لازمی ہے ۔ انہیں اپنی ڈگری کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق شدہ نقل اور رہائشی ثبوت بھی جمع کرانا ہوگا۔ حتمی ووٹر فہرست 30 ڈسمبر 2026 کو جاری کی جائے گی۔ چیف الیکشن آفیسر نے درست اور جامع ووٹر فہرست کی تیاری کو یقینی بنانے کے لیے اہل گریجویٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ناموں کی جانچ کریں اور مقررہ مدت کے اندر اپنے دعوے یا اعتراضات داخل کریں۔