میدک ۔ رکن اسمبلی میدک و صدر ضلع ٹی آر ایس میدک ضلع ایم پدما دیویندر ریڈی نے بتایا کہ ریاستی وزیر آئی ٹی و ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی آر ایس مسٹر کے تارک راما راؤ کی ہدایت پر مرکزی سرکار کی کسان دشمن پالیسیوں و بالخصوص ریاست تلنگانہ کے کسانوں کے ساتھ سوتیلے طرز عمل کو لیکر 4 اپریل تا 11 اپریل بھاجپا سرکار کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو قطعیت دی گئی ہے ۔ 4 اپریل کو ضلع میدک کے تمام منڈل ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی مظاہرے منظم کئے جائیں گے ۔ 6 اپریل کو ریاست تلنگانہ میں شامل قومی شاہراہوں ، بنگلور ہائی وے ، وجئے واڑہ ہائی وے ، ناگپور ہائی ویز اور ممبئی ہائی ویز پر راستہ روکو پروگرامس منظم کئے جائیں گے ۔ 7 اپریل کو کلکٹریٹ پر ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز اسمبلی اور دیگر عوامی منتخب نمائندوں کے ساتھ دھرنا منظم کیا جائے گا اور 8 اپریل کو ضلع میدک کے تمام گرام پنچایتوں پر ہر گھر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور مرکزی بھاجپا سرکار کے پتلے نذر آتش کئے جائیں گے ۔ اسی طرح احتجاجی عمل کے آخر دن یعنی 11 اپریل کو چلو دہلی پروگرام منظم کیا جائے گا ۔ اس پروگرام میں ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز اسمبلی کے علاوہ عوامی منتخب نمائندے اور مختلف شعبوں کے نامزد صدورنشین اور ارکان کی بھی شرکت ہوگی ۔